• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: کورونا وائرس سے اموات میں اچانک اضافہ


ملک میں کورونا وائرس سے اموات میں اچانک اضافہ ہوا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 77 کورونا مریض انتقال کر گئے۔

سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے پاکستان میں کورونا وائرس کی ہلاکت خیزیوں میں پھر سے اضافہ جاری ہے۔

کورونا وائرس کی جاری تیسری لہر کے دوران پاکستان کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 29 ویں نمبر پر ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 118 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 77 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 2 ہزار 244 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح ڈھائی فیصد رہی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 21 ہزار 453 ہو گئی ہے، جبکہ کُل کورونا مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 36 ہزار 131 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 44 ہزار 987 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 24 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ کُل 8 لاکھ 69 ہزار 691 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 43 ہزار 900 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 36 لاکھ 63 ہزار 666 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 52 ہزار 964 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، جبکہ اب تک کُل 95 لاکھ 59 ہزار 910 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔

تیسری لہر کے دوران پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہو کر 3 لاکھ 43 ہزار 31 ہو گئی، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 10 ہزار 397 ہو چکی ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 25 ہزار 110 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 5 ہزار 164 ہو گئیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار 928 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں اب تک کُل اموات 4 ہزار 170 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 81 ہزار 871 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 766 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 25 ہزار 961 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 291 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 19 ہزار 566 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 558 مریض وفات پا چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 5 ہزار 664 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 107 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین