• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکار کی فرہاد ہمایوں کےساتھ گزری خوبصورت یادیں

منگل کے روز دارِ فانی سے رخصت ہونے والے پاکستانی موسیقار فرہاد ہمایوں نے ناصرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی بہترین موسیقی سے نام کمایا ہے۔

بالی ووڈ اداکار ارجن ماٹھور  جو کہ ٹی وی سیریز  ’میڈ ان ہیوین‘ میں اپنے کردار کی وجہ سے مشہور ہیں، گلوکار اور ڈرَمر ر فرہاد ہمایوں کے قریبی دوست تھے۔

اداکار ارجن ماٹھور نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر موسیقار فرہاد ہمایوں کے ساتھ ہونے والی واٹس ایپ چیٹ کے چند اسکرین شاٹس اور ان کی یادگار تصاویر شیئر کی ہیں۔


ارجن ماٹھور نےفرہاد ہمایوں کے لیے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ایک تفصیلی نوٹ بھی لکھا ہے، جس میں انہوں نے فرہاد ہمایوں کے ساتھ گزارے ہوئے بچپن کے یادگار لمحوں کو یاد کیا ہے۔

اداکار نے لکھا ہے کہ ’میری پہلی یادیں فرہاد ہمایوں، یا ’’ فادی ‘‘ ، جیسا کہ میں انہیں بچپن سے جانتا تھا، اس وقت کی بات ہے جب میں چھوٹا بچہ تھا اور میرے والدین کے سب سے اچھے دوست، شہزاد انکل اور نوی آنٹی، پاکستان سے آئے تھے۔‘

اپنی بچپن کی گزری ہوئی یادوں کے بارے میں بتاتے ہوئے اداکار نے لکھا کہ ’ہم والدین کا دعوتوں کے لیے روانہ ہونے کا انتظار کررہے تھے تاکہ اِن کی غیر موجودگی میں ہم اپنی پسندیدہ فلمیں دیکھ سکیں۔'

بچپن میں جب ہمارے اہل خانہ لاہور میں ان سے ملنے گئےتھے تو مجھے یاد ہے کہ ان کے گھر پر میں نے سب سے بڑے آلو پراٹھے دیکھے تھے اور لاہور جم خانہ میں تیراکی کے بعد چکن کے بہترین سینڈویچ کھائے تھے۔

اداکار نے اپنے نوٹ کے اختتام پر لکھا کہ ’فادی نے ہمیشہ اپنی مدد سے ہمیں محفوظ ہونے کا احساس دلانے کی  کوشش کی جس طرح فادی کے والد، شہزاد انکل نے میرے والدین کے لیے کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور موسیقار اور کوک اسٹوڈیو میں ڈرمر کے فرائض سرانجام دینے والے فرہاد ہمایوں انتقال کر گئے ہیں۔

پاکستانی میوزک بینڈ اوور لوڈ کے بانی فرہاد ہمایوں کے انتقال کی خبر بینڈ کے تصدیق شدہ فیسبُک پیج پر دی گئی تھی۔

تازہ ترین