پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر کےا نتخابات میں اپنی پارٹی کی جیت کی پیشگوئی کردی۔
ایک بیان میں بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کی انتخابی فہرستوں میں ہیر پھیر کا پی ٹی آئی پر الزام لگادیا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی ان کی جماعت سے خوفزدہ ہے، انتخابی فہرستوں میں ہیر پھیر کی جارہی ہے۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہاکہ الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی کے پہلے کامیاب ہونے والے امیدواروں کے نام فہرست سے کاٹ دیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت یاد رکھے دھاندلی برداشت نہیں کی جائے گی، کشمیر میں جیت پی پی کی ہی ہوگی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 11ویں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے۔
آزاد کشمیر کے الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر کے 33، مہاجرین جموں کشمیر کے 12 حلقوں میں انتخابات ہوں گے اور اس الیکشن میں گزشتہ انتخابات کی نسبت 4 انتخابی حلقوں کا اضافہ کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد کشمیر میں 28 لاکھ17 ہزار 90 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 15 لاکھ 19 ہزار 347 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 12 لاکھ 97 ہزار 747 ہے۔