وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی اور رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے ایوان میں اپنے رویے کی غلطی تسلیم کرلی۔
جیونیوز سے گفتگو میں علی نواز اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ میں میری طرف سے جو کچھ ہوا وہ اچھا نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ غلط بات کسی کی بھی ہو وہ غلط ہی ہوتی ہے، اپوزیشن کی طرف سے دھکم پیل کی گئی اور ہمیں گالیاں دی گئیں۔
آج اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی تقریر کے دوران علی نواز اعوان اور ن لیگی رہنما شیخ روحیل اصغر کے درمیان جھڑپ ہوئی اور گالم گلوچ بھی کی گئی۔
دونوں جانب سے ایک دوسرے پر بجٹ کاپی پھینکنے کا عمل میں دیکھنے میں آیا، ایوان کا ماحول خراب ہونے پر اسپیکر نے اجلاس 20 منٹ کےلیے ملتوی کردیا تھا۔
دوسری طرف اسمبلی میں شور شرابہ اور اراکین کے مابین ہاتھا پائی بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے خدشات کے پیش نظر سینیٹ سیکرٹریٹ سے رابطہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایوان میں حکومت اور اپوزیشن ارکان میں کشیدہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے سینیٹ سیکرٹریٹ سے مدد مانگی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ نے اضافی سارجٹ ایٹ آرمز کی خدمات قومی اسمبلی کے سپرد کردی ہیں۔