لاہور ایکسپو سینٹر، پی کے ایل آئی، ایل ڈی اے کمپلیکس میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے، جبکہ پنجاب یونیورسٹی میں کورونا ویکسین ختم ہوجانے کے سبب ویکسی نیشن کا عمل رک گیا ہے۔
ڈی سی لاہور کے مطابق ڈرائیو تھرو اور یو سی ایچ سینٹرز میں کورونا ویکسی نیشن لگانے کا عمل جاری ہے، 55 ہزار سائنو فارم، 10 ہزار سائنو ویک اور 5 ہزار ایسٹرا زنیکا سینٹر پر پہنچائی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ویکسین ایکسپو سینٹر، ایل ڈی اے، پی کے ایل آئی اور یو سی ایچ کے لئے دستیاب کی گئی ہیں،جبکہ فائزر کی کورونا ویکسی نیشن کم قوت مدافعت والے افراد کو لگے گی۔
ڈی سی لاہور کاکہنا ہے کہ فائزر ویکسین پی کے ایل آئی اسپتال اور شوکت خانم اسپتال میں بھی دستیاب ہوگی، ایل ڈی اے کمپلیکس آزادی چوک میں ایسٹرازنیکا لگے گی،ایکسپو سینٹر کے ہال نمبر تھری میں بھی ایسٹرا زنیکا لگے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانیہ کی ایسٹرازنیکا بیرون ممالک جانے والے افراد کو لگے گی، ایسےافراد ویکسی نیشن کے وقت اپنے ڈاکومنٹس، ویزا، پاسپورٹ اور ورک پرمٹ لے کر آئیں۔
دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی لاہور میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل رک گیا، ویکسی نیشن اسٹاف نے بتایا کہ سینٹر میں کل سے ویکسین ختم ہے، آج بھی صبح سے اسٹاف موجود ہے مگر ویکسین فراہم نہیں کی گئی۔
ویکسی نیشن اسٹاف کے مطابق یونیورسٹی سینٹر آنے والوں کو مایوس لوٹنا پڑ رہا ہے، وحدت روڈ پر واقع پائلٹ ہائیر سیکنڈری اسکول میں بھی ویکسین ختم ہوگئی ہے اور سینٹر پر عملہ ویکسین کے انتظار میں موجود ہے۔