پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان نے جوس بیچنے والے ایئرو ناٹیکل انجینئر کو ملازمت کی پیشکش کردی۔
حال ہی میں سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کے ایک معروف شوبز پیج کی جانب سے یہ خبر شیئر کی گئی کہ چین سے ایئرو ناٹیکل انجینئرنگ کی ڈگری لے کر وطن واپس آنے والا تربوز کا جوس بیچنے پر مجبور ہے۔
یہ خبر دیکھنے کے بعد جہاں صارفین نے شدید افسردگی کا اظہار کیا تو وہیں فیروز خان نے نوجوان کو ملازمت کی پیشکش کردی۔
فیروز خان نے پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر کوئی مجھ سے ان کا رابطہ کروا سکے تو میں اس نوجوان کو ملازمت دینا چاہتا ہوں۔‘
اداکار کی اس پیشکش پر سوشل میڈیا صارفین اُنہیں خوب سراہتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
واضح رہے کہ عبدالملک کی اسکولنگ عرب امارات میں ہوئی جبکہ ایئروناٹیکل انجینئرنگ کی ڈگری انہوں نے چین کی یونیورسٹی سے حاصل کی۔
سوات سے تعلق رکھنے والا یہ نوجوان اچھے مستقبل کا خواب لے کر پاکستان آیا تھا، ایئرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں انٹرن شپ کی۔
پشاور فلائنگ کلب میں ٹرینی انجینئر اور ایک نجی ایئرلائن میں اسسٹنٹ ریمپ آفیسر کی ملازمتوں میں چند سال بھی لگائے مگر نہ اہلیت کے مطابق عہدہ ملا، نہ حق کے مطابق تنخواہ ہی ملی۔