• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے کا تجاوزات کیخلاف آپریشن ، درجنوں تعمیرات مسمار

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) سی ڈی اے نے گزشتہ روز تجاوزات اور غیر قانونی قابضین کے خلاف میگا آپریشن کیا۔ درجنوں غیرقانونی تعمیرات مسمار کی گئیں۔ 6 ٹرک سامان ضبط کیا گیا۔ چئیرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اسلام آباد پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے بھارہ کہو میں مری روڈ کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا۔ اس کارروائی کے دوران روڈ کے اطراف پر قائم تجاوزات کو ہٹائے ہوئے ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو ختم کیا۔ بعدازاں موضع موہڑہ جیجاں میں اسپیشل ٹیکنالوجی زون کے لئے الاٹ شدہ زمین کا قبضہ واگزار کرانے لئے بھی آپریشن کرتے ہوئے موقع پر موجود حویلی کے 2 کمرے، 3 چار دیواریاں اور 2 کچن مسمار کر دیے۔ اسی طرح سیکٹر C-12 کے موضع پنڈ سنگڑیال میں بقایا 12 رہائشی گھروں کو بھی خالی کرنے کے بعد بھاری مشینری کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مسمار کر دیا۔
اسلام آباد سے مزید