وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے بجٹ کو مسترد نہیں کیا بلکہ عوام نے اپوزیشن کو مسترد کیا ہے۔
وزیرِاعلیٰ گلگت بلتستان کے ہمراہ گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے حکم پر گلگت بلتستان کے عوام کو بنیادی حقوق دیئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لیے ترقیاتی پیکیج بنایا گیا ہے، اس میں بڑا حصہ پی ایس ڈی پی کا ہے، گلگت بلتستان کے 19 نئے منصوبوں میں سے 11 کو پی ایس ڈی پی میں شامل کیا گیا ہے۔
اسد عمر کا کہنا ہے کہ 5 منصوبوں پر اگلے سال کام شروع کیا جائے گا، ترقیاتی پیکیج کا حجم 56 ارب روپے ہے جس میںسے 40 اعشاریہ 5 ارب پی ایس ڈی پی کے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے اعلان پر مکمل طور عمل درآمد کیا جا رہا ہے، اگلے سال ایلوکیشن کو 50 ارب تک لے کر جائیں گے۔
وفاقی وزیر اسد عمر کا یہ بھی کہنا ہے کہ گلگت شندور روڈ 50 ارب روپے میں مکمل کیا جائے گا جو کہ سی پیک میں شامل کیا جائے گا۔