پنجاب کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ابھی فلور ملز پر کوئی ٹیکس نہیں لگا، آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا جواز نہیں۔
سینئر وزیر پنجاب کی زیر صدارت ویڈیولنک اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر صنعت اسلم اقبال، چیف سیکریٹری جواد رفیق ملک و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں سہولت بازاروں اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی و قیمتوں پر غور کیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ ابھی فلور ملز پر کوئی ٹیکس نہیں لگا، آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا جواز نہیں۔
سینئر وزیر پنجاب نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں میں سستے آٹے کی فروخت کے لیے پوائنٹس قائم کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑے اسٹورز کے بجائے گلی محلوں کی دکانوں پر سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنائیں۔
عبدالعلیم خان نے یہ بھی کہا کہ فلور ملز کو آٹے کی بوریوں پر ایکس مل اور رٹیل کا ریٹ واضح لکھنے کا پابند بنایا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سستے آٹے کے لیے ماہانہ 2 ارب روپے سبسڈی دے رہی ہے۔
صوبائی وزیر خوراک نے کہا کہ پنجاب بھر میں 313 سہولت بازاروں کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
اجلاس میں آٹے کے سستے تھیلے کے ڈیزائن کی منظوری بھی دی گئی۔