• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون ہراسگی کیس، وزیراعظم سٹیزن پورٹل پر درج شکایت میں غفلت برتنے پر برہم

وزیراعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر خاتون کی ہراسگی سے متعلق درج شکایت میں غفلت برتنے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو معطل کرنےکی ہدایت کردی۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈی جی ایف آئی اے کو شفاف انکوائری کیلئے متعلقہ افسران کو معطل کرنےکی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق خاتون نےسٹیزن پورٹل پر5 بارشکایات کی تاہم ایف آئی اے افسران نےکارروائی نہ کی، خاتون نے ہراسگی کے باعث یونیورسٹی سے نوکری چھوڑ کر ایف آئی اے سے رجوع کیا۔

ایف آئی اے افسران کے عدم تعاون کی وجہ سے خاتون نے خودکشی کی مبینہ کوشش کی، 16 دسمبر2019 سے13 جون2021 تک ایف آئی اے نے شکایت کو مسلسل نظرانداز کیا، دو بار شکایت ری اوپن کے باوجود ایف آئی اے نے اپنی ذمہ داری میں کوتاہی برتی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ ایف آئی اے کے خلاف شکایت لے کر وزیراعظم آفس پہنچ گئیں، وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کو مراسلہ جاری کردیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خاتون کو جلد ازجلد ریلیف فراہم کیا جائے، کسی بھی شہری کی شکایت پرغفلت برتنے کی اجازت نہیں جانے دی جائے گی۔

وزیراعظم نے سیٹیزن پورٹل پر درج شکایات کو غیرسنجیدہ لینے والےافسران کےخلاف کارروائی کاعندیہ دیتے ہوئے انکوائری رپورٹ  20 جولائی 2021 تک  پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تازہ ترین