• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن الیکشن اصلاحات پر تجاویز دے، فواد چوہدری

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریا ت فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مسائل کی ذمے دار نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت ہیں، اپوزیشن الیکشن اصلاحات پر تجاویز دے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریا ت فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے نظام کا مسئلہ 2 خاندان ہیں، ایک لندن میں، دوسرا دبئی، کینیڈا، پیرس میں پراپرٹیز لے ر ہاہے، اگلے 5 سال بھی عمران خان کے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ تقریباً 8 ہزار ارب کا ہے، خسارہ 3 ہزار ارب کا ہوگا، 5700 ارب روپے کا ریونیو ٹارگٹ حاصل کر لیں گے، 5700 ارب ہمارے پاس آئیں گے جس کا 57 فیصد صوبوں کو چلا جائے گا، خسارہ کم و بیش 3 ہزار ارب روپے کا ہو گا، 700 ارب روپے تنخواہوں و پنشن کیلئے رکھے ہیں، دفاع کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کیا گیا۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قرضوں اور سود کی مد میں 2000 ارب روپے چلے جائیں گے، 1947ء سے 2008ء تک پاکستان نے 6 ہزار ارب روپے کا غیر ملکی قرضہ لیا، اس 6 ہزار ارب روپے سے ہم نے دنیا کی پانچویں بڑی فوج بنا لی، اسلام آباد کا شہر بنایا، موٹر ویز بنائیں، نیوی بیسز بنائیں، گوادر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں خرچ زیادہ ہے، آمدنی کم ہے، اس لئے مشکل میں ہیں، آصف زرداری آتے ہیں اور اچانک 6 ہزار ارب سے قرض بڑھنا شروع ہو جاتا ہے، 2008ء سے 2018ء تک 26 ہزار ارب روپے کے قرضے ہوگئے، اب 2 ہزار ارب روپے سالانہ صرف سود کیلئے دیئے جاتے ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات نے سوال کیا کہ ان لوگوں نے قرضہ لیا اس کا کیا کیا؟ ساہیوال میں کوئلے کا پروجیکٹ لگایا، ساہیوال میں کوئلہ نہیں ہوتا، ساہیوال میں کوئلے کے پروجیکٹ سے ماحولیات کے مسائل پیدا ہو گئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ 2008ء میں ہم بجلی کا ایک روپیہ کمپلسری مد میں نہیں دیتے تھے، نواز شریف دور میں 101 ارب روپے بجلی کی کمپلسری مد میں دینے تھے، ہماری حکومت کو 900 ارب روپے کمپلسری مد میں دینے پڑتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون نے قرضے لے کر پاور پلانٹ لگائے، ان کی وجہ سے ہمیں آئی پی پیز کو 900 ارب روپے کی سالانہ ادائیگی کرنا پڑتی ہے، 2023ء میں ہمیں بجلی گھروں کو 1500 ارب روپے ادا کرنے ہیں، اس وقت 30 ہزار میگاواٹ بجلی بنانے کی صلاحیت ہے، ہم 24 ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی کی ترسیل نہیں کر سکتے، اس کا کون ذمے دار ہے؟

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد وسائل کا بڑا حصہ صوبوں کو جاتا ہے، 2 سال میں 1600 سے 1700 ارب روپے سندھ کو صرف این ایف سی میں دیئے گئے، گرانٹس کی مد میں سندھ کو علیحدہ رقم دی گئی، سندھ حکومت نے کیا کیا؟ یہ پیسہ کہاں گیا؟ یہ پیسہ لندن، کینیڈا، امریکا، پیرس اور دبئی چلاگیا، 2 خاندان ہیں، ایک یہاں سے، ایک سندھ سے پیسہ باہر بھیجتا ہے، یہ پیسہ کہاں گیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے آ کر ملکی معیشت کو ایک سمت دی، کورونا وائرس کی وباء میں ہم نے حفاظتی سامان خود بنانا شروع کر دیا ہے، ملکی معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو رہی ہے، اپوزیشن کی رفتار کم ہوتے ہوتے رک گئی ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کی کوئی لیڈر شپ نہیں، اپوزیشن بکھرا ہوا ایک گروہ ہے، جو ابھی سے واویلا کر رہی ہے کہ اگلے الیکشن میں دھاندلی ہو گی، انہیں پتہ ہے کہ اگلے 5 سال بھی عمران خان کے ہیں، ہم انتخابی مسائل کے حل کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین