قومی اسمبلی کے اجلاس میں کٹوتی کی تحاریک پر ووٹنگ ہوئی، قائدِ حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقِ نمائندگی کا نیا فارمولا پیش کر دیا۔
شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیئے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مخصوص نشستوں کی تجویز دے دی۔
اپوزیشن لیڈر نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کے نمائندے پارلیمان میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسائل پیش کر سکیں گے۔
انہوں نے قومی اسمبلی میں 5 سے 7 اورسینیٹ میں 2 نشستیں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے مختص کرنےکی تجویز دی اور کہا کہ ان نشستوں پر نمائندگی کا طریقہ کار اور شرائط پارلیمنٹ میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر طے کریں۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے اتفاقِ رائے سے مطلوبہ قانون سازی کی جا سکتی ہے، اس طریقہ کار سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمان میں یقینی نمائندگی مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی سوچ کے تحت آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کے لیے نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
صدر نون لیگ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ نون جمہوری سوچ اور اصولوں کے تحت بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے ووٹ کے حق کی حمایت کرتی ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم ہمارے پاکستانی بہن، بھائی ہمارا قیمتی اثاثہ اور پاکستان کی شان ہیں۔