وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کی جانب سے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کے انتقال پر شدید دُکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں شیخ رشید احمد نے بالی ووڈ اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا۔
شیخ رشید احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ دلیپ کمار ایک عہد ساز فنکار تھے، ان کا متبادل ممکن نہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اپنی ملاقاتوں میں بھی میں نے یوسف خان کو ایک سحر انگیز شخصیت پایا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے اداکار کے لیے دُعا کرتے ہوئے لکھا کہ اللّہ تعالی یوسف خان کے درجات بلند کرے اور ان کی لواحقین کو صبر عطا کرے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔
دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا جاتا تھا۔
دلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔