نیویارک فلیٹ سے متعلق نیب انکوائری کے معاملے کی سماعت کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے کمرہ عدالت کے باہر تک ایمبولینس میں لانے کی درخواست کر دی۔
سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے رجسٹرار اسلام آباد ہائی کورٹ کے پاس درخواست جمع کرا دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہے، جس کی وجہ سے گاڑی گیٹ سے اندر کمرہ عدالت کے سامنے لانے کی اجازت دی جائے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے آصف زرداری کو چلنے پھرنے سے منع کیا ہے، سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے بھی گاڑی اندر تک لانا مناسب ہو گا۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہے جس کی وجہ سے انہیں وہیل چیئر کی مدد سے گاڑی میں بٹھا کر زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچایا گیا۔