بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ دلیپ کمار فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ پروفیشنل اور شفیق انسان تھے، انہوں نے اپنے کام کو ہمیشہ بہترانداز میں کیا۔
زندگی کے مختلف اوقات میں شاہ رخ خان نے دلیپ کمار سے متعلق اپنی رائے ظاہر کی، جسے بھارتی میڈیا نے یکجا کرکے رپورٹ جاری کی۔
دلیپ کمار کی زندگی سے متعلق کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر شاہ رخ نے لیجنڈری اداکار سے متعلق اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں میں دلیپ کمار جی جیسا لگتا ہوں، یہ میرے پیاروں کی دعا اور ہوپ ہوتی ہے جس میں ممکن ہے کہ سچائی نہ ہو۔
کنگ خان نے مزید کہا کہ یہ ماں ہوتی ہے جو کہہ سکتی ہے کہ تم کیسے لگتے ہوئے، میں ایکٹنگ نہیں کرتا تھا لیکن اُن کی خواہش تھی کہ میں بڑا ہوکر دلیپ کمار بنوں اور وہ میں بن نہیں سکتا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں دلیپ کمار بننے کی کوشش کرنے کی حماقت بھی نہیں کرسکتا ہوں اور میں یہ سوچ بھی نہیں سکتا کہ میں دلیپ کمار جیسا بنوں۔
شاہ رخ نے دلیپ کمار کی زندگی پر مبنی کتاب کی تقریب رونمائی میں شرکت کے لمحات کو اپنی زندگی کا یادگار دورانیہ قرار دیا تھا۔
ایک موقع پرکنگ خان نے دلیپ کمار سے متعلق اپنی یادوں کو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میرے اور امیتابھ بچن کے مقابلے میں دلیپ کمار زیادہ پروفیشنل اور کام سے کام رکھنے والے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ایک موقع پر میں فلائٹ سے واپسی پر تھکا ہوا تھا، وہ پہنچان گئے، انہوں نے مجھے کہا کھانا کھاؤ، میں نے ان کی ہدایت پر کھانا کھایا اور جب کھا چکا تو کہنے لگے اب جاؤ۔