• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

وفاق کے بعد ایم کیو ایم کی بھی سندھ حکومت کیخلاف لفظی گولہ باری

پی پی پی کی اعلی قیادت کے دورہ امریکہ نے کھلبلی مچا دی ہے وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ امریکہ روانہ ہو چکے ہیں جبکہ پی پی پی کے چئیر مین بلاول بھٹو 10 جولائی کو امریکہ روانہ ہونگے پی پی پی کے رہنما نبیل گبول کے مطابق پی پی پی کے چیئر مین کو امریکہ کے دورے کی دعوت امریکی سینٹرز نے دی ہے کہا جا رہا ہے کہ مراد علی شاہ بلاول بھٹو کے دورہ امریکہ کےشیڈول کو حتمی شکل دینگے یہ دورہ بلاول بھٹو کی صلاحیتوں کا امتحان بھی ہو گا جہاں وہ نئی امریکی انتظامیہ سے بطور پاکستان کی ایک بڑی سیاسی جماعت کے قائد کی حیثیت سے ملیں گے اور انکے ساتھ سیاسی تعلقات اور مستقبل میں خطے کی بدلتی صورت حال پر اپنا موقف رکھیں گے۔

پی پی پی کی قیادت کے دورہ امریکہ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ بلاول نے کبھی ایک گھنٹے کی بھی محنت نہیں کی اور وہ پاکستان کے وزیراعظم بننے نکلے ہیں جس کے لیے انہوں نے ہر جگہ پر سی وی دے دی اور ہر جگہ سے ناکام ہوگئے ناکامی کے بعد اب وہ پورے ٹبر کے ساتھ وہی سی وی لیکر اپنا منجن بیچنے واشنگٹن جارہے ہیں بلاول زرداری واشنگٹن میں تمام متولیوں کے ساتھ یہ کہنے کے لیے جارہے ہیں کہ عمران خان سے آپ نے اڈے مانگے تو انہوں نے آپ کو منع کیا تو میں ہوں نہ میں آپ کو اڈے دوں گا عمران خان نے کہاAbsolutely not لیکن میں ہوں نا وائی ناٹ، بلاول کہنے جارہے ہیں کہ مجھے نوکری دیں میں سب کچھ کروں گا وائی ناٹ آپ ہمیں حکومت میں لائیں ہم سب کچھ کرنے کے لیے تیار ہیں بلاول نوکری کی عرضی لیکر جارہے ہیں واشنگٹن میں بلاول "میں ہوں نا "کی شوٹنگ کے لیے جارہے ہیں لیکن بلاول کو بتادیں کے اب ملک کا وزیراعظم عمران خان ہے اب ملکی مفادات اور قوم بدل چکی ہے۔ 

ادھر امریکہ روانگی سے قبل وزیر اعلی سندھ نے وزیر اعلی ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کے منشور میں بے گھر افراد کو گھر فراہم کرنا شامل ہے لہذا یہ ہماری ذمہ داری بن جاتی ہے کہ ہم متاثرہ لوگوں کو گھر فراہم کریں۔ ہم سپریم کورٹ میں تین درخواستیں دائر کرینگے درخواست میں سپریم کورٹ آف پاکستان سے استدعا کی جائے گی کہ گجر اور اورنگی نالہ کے ساتھ انسداد تجاوزات مہم کے دوران جو 6500 خاندان متاثر ہوئے ہیں ، حکومت سندھ نے ہر خاندان کو 80 مربع گز کا پلاٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مکان کی تعمیر پر ہر یونٹ پر 10 لاکھ روپے لاگت آئے گی اور سڑکوں کے پورے انفراسٹرکچر کی تعمیر، نکاسی آب اور پانی کی فراہمی کے ساتھ یہ رقم ساڑھے 3 ارب روپے بنتی ہے۔ 

لہذا بحریہ ٹاؤن سے وصول کی جانے والی رقوم مکانات کی تعمیر کے لئے فراہم کی جاسکتی ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کو فنڈز کی کمی درپیش ہے، لہذا بحریہ ٹاؤن سے وصول کی جانے والی رقوم کو ملیر ضلع میںترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کے لئے حکومت سندھ کو دی جاسکتی ہے سپریم کورٹ سے درخواست کی جائے گی کہ وہ بحریہ ٹاؤن کے فنڈز کو بائیں کنارے کی نکاسی آب کی اسکیم کے لئے دیئے جائیں انہوں نے دیگر منصوبوں کا بھی اعلان کیا ادھر ایم کیو ایم کھل کر سندھ حکومت کے خلاف سڑکوں پر آگئی ایم کیو ایم نے سندھ حکومت کے خلاف ریلی نکالی۔ 

جس سے خطاب کرتے ہوئے کنو ینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبو ل صدیقی نے پی پی پی کی صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اورکہاہے کہ قافلہ حیدر آباد، میرپور خاص اور نو اب شاہ سکھر بھی جائیگا ہم تب سے پاکستانی ہیں جب سے پاکستان ہے ہم نے پاکستان کو منتخب کیا تھا ہم جنا ح کے پاکستان آئے تھے تو اپنے حصہ کا پاکستان لیکر آئے تھے کر اچی جنا ح کا پاکستان کا دارالحکو مت تھا اور بھٹو کے پاکستان میں سندھ کا درالخلافہ بنا دیا، اب ہم بھٹو کے کرپٹ بد عنوان پاکستان کو تبدیل کرنے نکلے ہیں ایک قوم جو ہجرت کر کے آئی تھی اسے کنارے لگا دیا ہم نے تمہیں پاکستان کی شکل میں شناخت دی بھٹو کے پاکستان میں تم نے صنعت،حر فت معاشرت قومیانے کے نام پر جاگیر داروں کی جا گیر بنا دی اور سندھ کو تقسیم کرنے کی بنیاد ڈالی ادھر ہم اور اُدھر تم کا نعرہ لگا کر ملک کو تقسیم کیا۔

ہم متر وکہ سندھ میں آئے تھے اور یہا ں سے جا نیوالے متر وکہ ہند میں گئے حق حکمر انی حق نما ئند گی کیلئے ہم سڑ کو ں پر نکلیں گے اگر ہمیں ووٹ سے انصاف نہیں ملا تو ہم روڈ سے انصاف لینگے آج ہم سڑ کو ں پر اس لئے آئے ہیں کہ ہم متروکہ سندھ کی زمین جا گیر دارو ں سے چھڑوانے آئے ہیں ہم یہ سمجھتے ہیں کہ احتجاج سے کو ئی نتیجہ سامنے نہیں آیا اس لئے ہم یہ آئینی اور قانونی مطا لبہ رکھتے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر نئے صوبے بنا ئے جا ئیں ہمارا مطالبہ ہے کہ پو رے ملک میں جہاں جہاں ضرورت پڑے صوبے بنا دیے جا ئیں اور سب سے مضبو ط مقدمہ جنوبی سند ھ صوبہ کا ہے ہم اِدھراور اُدھر تم کا مطا لبہ ہم صوبے کیلئے لگا رہے ہیں جو آئینی مطالبہ ہے ۔ہم جماعت اسلا می کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں مل کے کر اچی کی اور سندھ کے شہر ی علا قوں کے حقوق کیلئے جد وجہد کر تے ہیں، گزشتہ 10سالوں میں کر اچی میں سندھ کی متعصب حکو مت کو چھ ہزار پا نچ سو پچھتر ارب روپے دئیے کیا کر اچی میں کو ئی ایک میگا پر وجیکٹ لگا یا؟

لہذا آج ہم مطالبہ کر تے ہیں گز شتہ 10سالوں میں سندھ حکو مت کوملنے والے فنڈز کا حساب ایک کمیشن کے ذریعے لیاجا ئے پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہندی نے ایم کیو ا یم کی ریلی کوکراچی تباہی ریلی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کراچی کے باشعور و غیور اور محب وطن عوام نے ایم کیو ایم کی کراچی ریلی کو نہ صرف مسترد کیا بلکہ انھیں ہمیشہ کیلئے خیرباد بھی کہہ دیا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ جب بھی کوئی الیکشن نزدیک ہوتے ہیں عوام کو گمراہ کرنے کیلئے ایم کیو ایم کے پیٹ میں کراچی کی شہریوں کے حقوق کا درد جاگ اٹھا ہے۔ انھوں نے کہاکہ 2018 کے الیکشن مین ایم کیو ایم کو کراچی کی عوام بری طرح مسترد کرچکی ہے دونوں جانب کے لب ولہجہ سے اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ سیاسی لڑائی کئی لسانی لڑائی میں تبدیل نا ہو جائے۔

تازہ ترین
تازہ ترین