اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کشمیری عوام وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد رکھتےہیں کیونکہ عمران خان نے جس طرح مسئلہ کشمیر کو دنیا میں اٹھایا اس کی پاکستان میں مثال نہیں ملتی۔ آزاد جموں و کشمیرمیں تحریک انصاف ہی حکومت بنائے گی۔ راولپنڈی والے بھی پی ٹی آئی کے ہی امیدوار کو کامیاب کرینگے۔ راولپنڈی میں کشمیر انتخابات کے سلسلے میں ویلی 4 ایل اے 43 میں تحریک انصاف کے امیدوار کی انتخابی مہم کیلئے ایک تقریب سے خطاب کر تے ہو ئےوزیرداخلہ نے کہاکہ پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 55ارب روپے کی خطیر لاگت نالہ لئی منصوبہ کیلئے مختص کی ہے۔ نالہ لئی کی تعمیر اسی سال شروع کرینگے۔ نالہ لئی اٹھارہ کلو میٹر دو رویہ سڑک کی تعمیر کا منصوبہ ہے جو عمار چوک سے شروع ہوگا اور پنڈورہ تک اختتام ہوگا جس کے دونوں اطراف ہائی رائز بلڈنگز بنائی جائیں گی ، یہ منصوبہ پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت بنایا جائے گا اور اسی سال ٹینڈرڈ کرنے کے بعد شروع کردیا جائے گا۔نالہ لئی پروجیکٹ راولپنڈی شہر کیلئے گیم چینجر ہوگا۔