مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے کیپٹن باسط علی کی شہادت پر شدید دُکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہید کیپٹن باسط علی کی یادگار تصویر شیئر کی۔
مریم نواز نے ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’دھرتی کے اس بہادر بیٹے کی شہادت پر دل بہت رنجیدہ ہے۔‘
مسلم لیگ نون کی نائب صدر نے شہید کیپٹن باسط علی کے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ اُن کے درجات بہت بلند فرمائے اور اپنی خاص رحمتوں میں رکھے، آمین۔‘
واضح رہے کہ 26 جون کو قبائلی ضلع کرم میں دہشت گردوں کی جانب سے موبائل ٹاورز پر کام کرنے والے مزدوروں کو اغواءکرلیا گیا تھا۔
27 جون کو دہشت گردوں نے 10 ورکروں کو چھوڑ دیا جبکہ ایک کی لاش ملی، باقی پانچ مغوی مزدوروں کی بازیابی کے لیے سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ شروع کیا۔
سیکورٹی فورسز کے آپریشنز انتہائی دشوار گزار اور سخت موسم کے علاقے میں کئے گئے، دہشت گردوں کا مسلسل پیچھا کیا جاتا رہا۔
13 جولائی کو اسی سلسلے کے ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ 13 جولائی کے آپریشن میں کیپٹن باسط علی، سپاہی حضرت بلال نے معصوم مزدوروں کو بچانے کے مشن میں جان کی قربانی دی۔