پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔
عید کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عیدالاضحیٰ، اللہ تعالیٰ کی رضا کے سامنے غیر مشروط طور سر بسجود ہونے اور اس پر کامل یقین رکھنے کی یاد دلاتی ہے، اور اپنی ذات کو بالائے طاق رکھ کر ایک عظیم مقصد کی خاطر قربانی دینے کا درس ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے عوام پر زور دیا کہ وہ عید کی مسرتوں کے دوران غربت و عدم مساوات کی وجہ سے زندگی کی بنیادی ضروریات سے محروم افراد کو نہ بھولیں اور انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کی روک تھام کے لیے ہر شہری ایس او پیز پر عمل کرے اور ویکسینیشن کے لیے تمام اہل شہریوں کو وباء سے بچاؤ کا ٹیکہ لگنے کو یقینی بنانے کے لئے ہر پاکستانی کو آگے آنا چاہیے۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عید کے موقع پر انہیں مقبوضہ کشمیر کی اس عوام کی یاد آرہی ہے، جو قابض افواج کی بے لگام بربریت کی وجہ سے عید کے پرمسرت موقع سے بھی لطف اندوز ہونے سے محروم ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مسلح افواج، پولیس اور سویلین انتظامیہ کے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اپنی جانب سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے، جنہوں نے ملک و قوم کے تحفظ کی خاطر اپنی جانیں قربان کردیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ میں دعاگو ہوں، عیدالاضحیٰ کا مقدس دن نہ صرف ہماری قوم بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک خوشیوں سے بھرے مستقبل کی نوید اور انسانوں کے لیے ایسی قوت و یقین کا سبب بنے کہ وہ اپنے تمام اختلافات کو دفن کرکے کرہ ارض کو امن کا گہوارہ بنادیں۔