• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات، نواز شریف کو شدید ردعمل کا سامنا، وزارت خارجہ نے اسکا بائیکاٹ کررکھا ہے

اسلام آباد (فاروق اقدس) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو جنہوں نے گزشتہ روز افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر حمد اللّٰہ محب سے لندن میں ملاقات کی ہے اپنے سیاسی مخالفین کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا ہے اور حکومتی وزراء سمیت مسلم لیگ کی مخالف جماعتوں کے رہنما سابق وزیراعظم کی افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات پر خاصے برہم دکھائی دے رہے ہیں۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل افغانستان کے سابق صدر حامد کرزئی نے بھی اُن سے ملاقات کی تھی۔ 

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان نے افغان قومی سلامتی کے مشیر حمداللّٰہ محب کو ایک ناپسندیدہ شخص قرار دیتے ہوئے اُن سے کسی قسم کے سرکاری روابط رکھنے سے انکار کر دیا تھا‘ اور اس حوالے سے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے حمداللّٰہ محب کے پاکستان کے بارے میں بعض ناپسندیدہ ریمارکس پر سرکاری طور پر یہ اعلان کیا تھا کہ افغان قومی سلامتی کے مشیر سے اب کسی سطح پر کوئی رابطہ نہیں رکھا جائیگا۔ 

حمد اللہ محب اور دفتر خارجہ کے درمیان تلخ کلامی کا آغاز افغان مشیر قومی سلامتی کے گزشتہ ماہ پاکستان کے خلاف دشنام طرازی سے ہوا تھا۔ 

اسلام آباد نے ان توہین آمیز ریمارکس پر بطور احتجاج حمد اللہ محب سے تمام سرکاری روابط ختم کر دیئے تھے۔

تازہ ترین