• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج باربی کیو پارٹی کا لُطف بیف چلی، ہانڈی، چانپوں اور سیخ کباب کی صورت اُٹھائیں

عموماً عیدالاضحی کے بعد بیش تر گھروں میں عزیزو اقارب کے ساتھ بار بی کیو پارٹی کا اہتمام کیا جاتا ہے، جس میں گھر کے بچّے، بڑے سب ہی بصد شوق شریک ہوتے ہیں۔ مگر ہم آپ کے لیے کچھ منفرد سی بار بی کیو ڈشز کی تراکیب لے کر آئے ہیں، جنہیں انگیٹھی، کوئلوں کے جھنجھٹ کے بغیر بھی تیار کیا جاسکتا ہے۔

باربی کیو بیف چلی

اجزاء: ران کا گوشت(دھوکر بوٹیاں کرلیں)آدھا کلو، کالی مرچ (کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ ،نمک حسبِ ذائقہ، چینی ایک چائے کا چمچ، ہری مرچ دس عدد (لمبائی میں باریک کاٹ لیں)،کارن فلور ایک کھانے کا چمچ، سفید سرکہ دو کھانے کے چمچ،سویا ساس دو کھانے کے چمچ،باربی کیو ساس دوکھانے کے چمچ، تِل کا تیل ایک چائے کا چمچ اور عام تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ایک باؤل میں ایک کھانے کا چمچ سفید سرکہ، ایک کھانے کا چمچ سویا ساس، نمک، چینی، کارن فلور، کالی مرچ اور باربی کیو ساس ملا کر 15 سے 20 منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اب فرائنگ پین میں صرف پیندا چکنا کرکے لیے ذرا سا تیل ڈال کرمسالے والی بوٹیاں الگ الگ کرکے چولھے پررکھ دیں،تاکہ ان کا پانی خشک ہوجائے۔

اس کے بعد گرل پین گرم کرکے اس پر بھی ذرا سی چکنائی لگا کر خشک کی ہوئی بوٹیاں پھیلا کرنکال لیں۔جب بوٹیاں دونوں طرف سے اچھی طرح سینک جائیں، تو انہیں سَرونگ ڈش میں رکھ دیں۔اس کے بعد فرائنگ پین میں ایک کھانے کا چمچ تیل گرم کرکے ہری مرچ، سویا ساس، سفید سرکہ اور نمک ڈال کر فرائی کرکے بوٹیوں پر ڈال دیں۔ ساتھ ہی تِل کا تیل چِھڑک کر گرما گرم سَرو کریں۔

باربی کیو ہانڈی

اجزاء: گوشت(بون لیس)آدھا کلو، پیاز دو عدد، ٹماٹر دو عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ،سُرخ مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، سفید زیرہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، دہی (پھینٹ لیں) ایک پیالی، فریش کریم آدھی پیالی، مکھن ایک کھانے کا چمچ، تیل ایک پیالی اور کوئلہ ایک عدد۔

ترکیب: گوشت صاف کر کے دھولیں۔پھر ایک باؤل میں ایک چمچ ادرک، لہسن کا پیسٹ، لال مرچ، سفید زیرہ اور آدھی پیالی دہی اچھی طرح مِکس کرکے 30منٹ کے لیے رکھ دیں۔ بعد ازاں، مٹّی کی ہانڈی میں تیل کڑکڑا کے اس میں گوشت بمع مسالا ڈال کر تھوڑا سا بھون لیں۔پھر ایک پیالی میں دہکتا ہوا کوئلہ رکھ کر اسے گوشت کے درمیان رکھ دیں اور اوپر سے آدھا چمچ تیل ڈال کر فوراً ڈھک دیں۔ 

جب گوشت میں کوئلے کی خوشبو رچ جائے، تو پیالی نکال کر ہلکی آنچ پر ڈھکن ڈھک کے15،20منٹ تک پکنے دیں۔اس کے بعد ایک الگ پین میں پیاز اور ٹماٹر کے چھوٹے ٹکڑے کرکے آدھی پیالی پانی میں اُبال کر بلینڈ کرلیں۔اب اس میں مکھن، ادرک، لہسن کا پیسٹ ڈال کر اچھی طرح فرائی کریں اور پکتے ہوئے گوشت میں ڈال کر نمک شامل کرکے ہلکی آنچ پر گوشت گلنے تک پکنے دیں۔ آخر میں کریم اور دہی بھی اچھی طرح مِکس کرکے ڈال دیں اور پانچ سے سات منٹ کے لیے دَم پر رکھ دیں۔

باربی کیو مٹن چانپیں

اجزاء: چانپیں(دھو کر صاف کرلیں)ایک کلو، کچا پپیتا(پِسا ہوا) ایک کھانے کا چمچ،ادرک، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، سُرخ مرچ پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ(کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ضرورت، دہی(پھینٹ لیں) ایک کپ، لیموں کا رس تین سے چار کھانے کے چمچ، تیل ایک کپ اور کوئلہ ایک عدد۔

ترکیب: ایک باؤل میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مِکس کرکے چانپوں پر لگا کر چار گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔بعد ازاں، چانپیں گرل پین پر گرل کرلیں۔ آخر میں ایک پتیلے میں چانپیںڈال کر ان کے درمیان پیالی میں دہکا ہوا کوئلے رکھ کے ،اُس پر تیل ڈال کر ڈھکن ڈھک دیں۔10 منٹ بعد سَرونگ ڈش میں رکھ کر سَرو کردیں۔

ہرے بَھرے سیخ کباب

اجزاء: گائے کا قیمہ(دھو کر چھلنی میں رکھ دیں)ایک کلو، ادرک ،لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، ہری مرچ چھے عدد، ہرا دھنیا(دھو کر پتّے الگ کرلیں) حسبِ ضرورت، پیاز (چوپ کی ہوئی)ایک پیالی، سفید زیرہ(بھون کر قدرے موٹا پیس لیں) ایک کھانے کا چمچ، نمک اور کالی مرچ حسبِ ذائقہ، جائفل جاوتری پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، اجوائن ایک چائے کا چمچ، سلاد کے پتّے اور لیموں (سجاوٹ کے لیے)حسبِ منشاء اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ہری مرچیں اور ہرا دھنیا چوپ کرلیں۔پھر ایک باؤل میں قیمہ اور تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح مِکس کریں اور 30 منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد مسالے والا قیمہ سیخوں پر کباب کی طرح لگالیں۔ چاہیں تو کوئلوں پر یا پھراوون میں سینک لیں اور سَرونگ ڈش میں رکھ کر سجاوٹ کرلیں۔ (شائستہ کنول، کراچی)

تازہ ترین