• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت، الیکشن کمیشن آپ کا پھر دھاندلی کس نے کی، تحریک انصاف

حکومت، الیکشن کمیشن آپ کا پھر دھاندلی کس نے کی، تحریک انصاف


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں اپوزیشن کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں الیکشن کمیشن ‘حکومت اور انتظامیہ ن لیگ کی تھی توایسے میں دھاندلی کون کرسکتاہے‘ ن لیگ کو اپنی بری شکست تسلیم کرلینی چاہئے۔

اپوزیشن جب کسی الیکشن میں ہارتی ہے تو دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیتی ہے‘ آزاد کشمیر میں وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کی جیت ہوئی ہے ‘اپوزیشن کے پاس دھاندلی کا ثبوت ہے تو عدالت جائے ‘مسئلے کا واحدحل یہی ہے کہ ٹیکنالوجی کی طرف بڑھتے ہیں ‘ اپوزیشن سمجھتی ہے کہ انتخابی نظام کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے تو الیکشن اصلاحات پر بات کرے۔

ہم نے 49 نکات پر مبنی اصلاحات رکھ دی ہیں، جہاں پر ہم غلط ہیں وہاں اپوزیشن اپنی اصلاحات لے آئے، الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں کوئی تعطل نہیں، الیکشن کے حوالے سے تحفظات کو دور کرنے کے لئے ضروری ہے کہ حق رائے دہی کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر الیکشن ہارے ہیں اس لئے دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں۔ان کی اپنی حکومت اور اپنا لگایا ہوا الیکشن کمشنر ہے، تو ایسے میں دھاندلی کون کر سکتا ہے؟ ۔ اپوزیشن جب کسی الیکشن میں ہارتی ہے تو دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیتی ہے۔ جہاں وہ جیت جاتے ہیں تو کہتے ہیں کہ حکومت کی مقبولیت ختم ہو گئی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں کبھی حکومتیں نہیں ہارتیں، مسلم لیگ (ن) اور پی پی پی اپنے دور میں جب ضمنی انتخاب لڑتی تھیں تو پوری حکومت اپنے امیدوار کے پیچھے کھڑی ہو جاتی تھی اور وہاں اتنا پیسہ چلا یاجاتا تھا کہ الیکشن تو کامیاب ہونا ہی تھا۔

تازہ ترین