اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان بار کونسل سمیت وکلاء تنظیموں کے احتجاج اور ہڑتال کے باوجود جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے سندھ ہائیکورٹ کے جج جسٹس محمد علی مظہر کی بطور جج سپریم کورٹ میں تقرر ی کی سفارش کر دی ہے۔
بدھ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا ،جس میں جسٹس محمد علی مظہر کو سپریم کورٹ میں بطور جج ترقی دینے کے معاملہ پرغور کے بعد ان کے نام کی سفارش کر تے ہوئے معاملہ حتمی منظوری کیلئے اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کی پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیاگیا۔
یاد رہے کہ جسٹس محمد علی مظہر سنیارٹی کے حساب سے سندھ ہائیکورٹ کے پانچویں نمبر کے جج ہیں اور پاکستان بار کونسل سمیت وکلا تنظیموں نے جونیئر جج کو ترقی دینے اور سنیارٹی کے اصول کو نظر انداز کرنے پر بدھ کے روز احتجاج اور ہڑتال بھی کی تھی ۔