• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، 65 اموات، 5 ہزار تک نئے کیسز، سندھ میں شرح 15 ہوگئی، بچوں کی بھی ویکسی نیشن کرانے پر غور

کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز، خبرایجنسیاں)کورونا سےملک میں 65 اموات، 5ہزار تک نئے کیسزرپورٹ،فعال کیسز 66 ہزار 287 ہوگئے، 3187مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، سندھ میں شرح 15 ہوگئی، کراچی سے 2200نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

حکومت پاکستان نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر 18سال سے کم عمرافراد کی کورونا ویکسی نیشن شروع کرنے پر غور شروع کردیا،حتمی فیصلہ آئندہ ہفتے ہوگا۔ 

ہفتے کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 58ہزار 479ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4950 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعدملک میں کووڈ 19کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 لاکھ 29 ہزار 811 ہوگئی۔

جن میں سے 940,164مریض شفایاب ہو چکے ہیں، گزشتہ روز وبا ءنے مزید 65افراد کی زندگیوں کو نگل لیا، اس طرح ملک میں اب تک اس وبا سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 23 ہزار 360 ہوگئی ہے، جب کہ مثبت کیسز کی شرح 8.46 ریکارڈ کی گئی۔

ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 66 ہزار 287ہے جبکہ صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 40 ہزار 164ہوچکی ہے، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 3 ہزار 187 کیسز تشویشناک حالت میں ہیں۔ادھر سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 30 افراد انتقال کر گئے اور 2772 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔

تازہ ترین