راولپنڈی (نمائندہ جنگ) وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نور مقدم قتل کیس میں گرفتار بے گناہ لوگوں کو رہا کر دیا ہے تاہم اصل مجرموں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، راولپنڈی کو یونیورسٹیوں کا شہر بنائیں گے، لئی ایکسپریس وے کی تکمیل سے ارد گرد بسنے والے لوگوں کی زندگیاں بدل جائیں گی، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی لیبر یونین کی تقریب حلف برداری سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میں کام کرنے والے تمام ڈیلی ویجز 1140 ملازمین اسی سال مستقل ہوں گے، روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے ان ملازمین کو جھنگی سیداں میں وزیر اعظم پیکج فلیٹ تعمیر کر کے دیں گے، سینٹری ورکرز کو اسلام آباد سی ڈی اے میں بھی بھرتی کریں گے، کرسچن کیمونٹی کے لوگ مجھے بہت اچھے لگتے ہیں یہ میرے دل کے قریب ہیں، میری پیدائش ہولی فیملی میں ہوئی اور میں نے تعلیم بھی کرسچین تعلیمی اداروں سے حاصل کی ہے، وفاقی وزیر نے کہاکہ نالہ لئی ایکسپریس وے میری اولین ترجیح ہے یہ مکمل کر کے مجھے سکون ملے گا اس کی تکمیل کے بعد سیاست سے ریٹائر ہو جائوں گا۔