لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ قوم کا آئین پاکستان اور پارلیمانی سسٹم پر اتفاق ہے، صدارتی نظام کا شوشہ چھوڑ کر اختلافات کو ہوا نہ دی جائے اسلامی اقدار کیخلاف نصاب تعلیم قبول نہیں کرینگے۔ پاکستان میں یکساں نظام تعلیم کے حق میں ہیں، مگر ایسا نصاب جو اسلامی اقدار کے خلاف ہو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔آزاد کشمیر الیکشن میں نتائج طے شدہ تھے، سرکاری وسائل کو استعمال کیا گیا۔صحافیوں کو ڈرانے دھمکانے اور خوفزدہ کرنے کے تمام حربوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ میڈیا آزاد ہو گا تو ملک ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی میڈیا ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔