• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی ، کینٹ بورڈز انتخابات ، لیگی امیدواروں کے انٹرویوز

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات کیلئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے انٹرویوز کر لئے گئے ہیں، انٹرویو کے دوران تمام امیدوار ں نے پارٹی پالیسی پر مکمل عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پارٹی جس امیدوار کو ٹکٹ جاری کریگی تما م امیدوار اس فیصلے پر لبیک کہیں گے اور پارٹی کیساتھ کھڑے رہیں گے۔راولپنڈی اور چکلالہ کینٹ کی 20 وارڈوں سے پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے 100 کے قریب امیدواروں کے انٹرویوز سابق وزیر اعظم اور کینٹ بورڈز کے کنوینر شاہد خاقان عباسی ، ڈویژنل صدر ملک ابرار ، حنیف عباسی ، سردار نسیم خان ، طاہرہ اورنگزیب ، بیرسٹر دانیال چوہدری ،سرفراز افضل ،راجہ ارشد ، ملک افتخار، چوہدری ایازاور اُسامہ تنویر پر مشتمل بورڈ نےلئے ۔ اس موقع پر ملک ابرار احمد کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کینٹ اور چکلالہ کینٹ بورڈز کے تمام امیدواروں کے انٹرویوز کر لئے گئے ہیں اور جو بھی پارٹی کا امیدوار ہوگا تمام امیدوار اُسکی مکمل سپورٹ کرینگے اور بھرپور مہم چلائیں گے، کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں ہمارا مقابلہ عمران خان کی صورت میں مہنگائی مافیا سے ہے، کینٹ کے عوام نے ہمیشہ ن لیگ کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ہمارے ساتھ ر ہیں گے ، عمران خان نے ملک کو مہنگائی اور بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا، اگر کینٹ کا الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی گئی تو ہماری یوتھ ونگ کا ہر نوجوان پولنگ سٹیشن پر ووٹ کا پہرہ دیگا، مشرف دور میں بھی ن لیگ کیلئے بے پناہ مشکلات پیدا کی گئیں لیکن اُس وقت بھی کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات میں ہمار ے امیدوار الیکشن جیتے تھے ۔
تازہ ترین