کراچی (شکیل یامین کانگا/ اسٹاف رپورٹر) نومی قمر نے سخت مقابلے کے بعد نافذ احمد کو شکست دیکر عیسیٰ لیب قومی رینکنگ ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ لیڈیز سنگلز کے فائنل میں ہانیہ نوید نے ردا خان کو شکست دی۔ فاتح کھلاڑیوں میں میں ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم کئی گئی۔ فائنل کے مہمان خصوصی یو اے ای کرکٹ کونسل کے وائس چیئرمین اور سابق چیف سلیکٹر سید عبداللہ عباس رضا تھے۔ اس موقع پر گلزار فیروز، خواجہ سعید حئی، ڈاکٹر فرحان عیسی، محمد اسلم خان، غلام محمد خان، عظمت اللہ خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ ٹورنامنٹ کے اسپانسر ڈاکٹر فرحان عیسیٰ کا کہنا تھاکہ کراچی میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں فراہم کرنا چاہتے ہیں، خوف و دہشت کی فضا سے انہیں نکال کر ملک کا اچھا شہری بنانا ہمارا مقصد ہے، انہوں نے کہا کہ ٹینس سمیت تمام کھیلوں کو پروان چڑھانے میں جس قدر مدد ہوسکتی ہے کریں گے۔ کراچی جیم خانہ میں کھیلی جانے والی چیمپئن شپ کے مینز سنگلز کے فائنل میں نومی قمر اور نافذ کے درمیان دلچسپ مقابلہ رہا جس میں نافذ احمد کو 6-4 اور 6-3 سے شکست دیکر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ لیڈیز سنگلزکے فائنل میں ہانیہ نوید نے ردا خان کو 6-3 اور 6-1 سے زیر کیا۔ انڈر 16 کے فائنل میں ایم دادا اور امین شفیع کے درمیان سخت مقابلہ رہا جسم یں ایم دادا نے 6-0، 2-6 اور 6-1 سے کامیابی حاصل کی۔ انڈر 18 کے فائنل میں نافذ احمد پربھات کے خلاف تیسرے سیٹ میں ریٹائرڈ ہرٹ ہوکر مقابلے سے باہر ہوگئے۔