• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کا فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کو انجمن متاثرین بنانے کا مشورہ


وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مولانا فضل الرحمٰن اور شہباز شریف کو انجمن متاثرین بنانے کا مشورہ دے دیا۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں فواد چوہدری نے پی ڈی ایم قیادت کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم مردہ گھوڑے کو زندہ کرنے کا مقصد نواز شریف کو مقدمات میں ریلیف دلانا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ برطانیہ میں نواز شریف کے ویزے میں توسیع نہیں ہورہی، امید تھی شہباز شریف بطور ضمانتی نواز شریف کی وطن واپسی کو بھی ایجنڈے پر رکھتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم پٹے ہوئے مہروں کی بیٹھک بن گئی ہے، مولانا صاحب اور شہباز شریف مل کر انجمن متاثرین بنالیں۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم پہلی بار جب احتجاج کے لئے نکلی تو تقسیم ہوئی، پی ڈی ایم حکومت کا استعفیٰ لینے نکلی تو اے این پی اور پی پی پی نے استعفے دیے۔

انہوں نے کہا کہ اب پی ڈی ایم کا انجام مولانا فضل الرحمٰن سمیت دیگر کے استعفوں کی صورت میں ہوگا، اپوزیشن کی بے کار نشستوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

وفاقی وزیر کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مسلسل محنت سے ملک کی معاشی تنزلی کے رخ کو تبدیل کردیا ہے، آنے والے ماہ و سال ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے ہوں گے۔

تازہ ترین