• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دلیپ کمار نے نازیہ حسن کے لیے کیا کہا تھا؟

بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار محمد یوسف المعروف دلیپ کمار نے نازیہ حسن اور زوہیب حسن کو اپنے بچوں جیسا قرار دیا تھا۔

دہلی میں ’ڈسکو دیوانے‘ کی لانچنگ کی تقریب میں دلیپ کمار نے بھی شرکت کی تھی۔


اس موقع پر دلیپ کمار نے کہا کہ ’نازیہ اور زوہیب حسن میرے اپنے بچوں کی طرح ہیں اور میں اب سے بھارت میں ان کا گاڈ فادر ہوں۔‘

دلیپ کمار کے نازیہ اور زوہیب کے لیے کہے گئے ان الفاظ کا تذکرہ زوہیب حسن نے اپنی ایک پوسٹ میں  کیا ہے جو انہوں نے دلیپ کمار کے انتقال پر شیئر کی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں شعبہ موسیقی کو نئی جدت دینے والی نازیہ حسن کو اس جہانِ فانی سے رخصت ہوئے آج 21 سال بیت گئے ہیں۔

نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے امریکن کالج آف لندن سے گریجویشن کیا اور پی ٹی وی کے مشہور پروگرام ’سنگ سنگ چلے‘ سے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا۔

نازیہ حسن نے اپنے بھائی زوہیب کے ساتھ مشرقی اور مغربی موسیقی کے ملاپ سے ایسے گیت پیش کیے جو آج بھی شائقین موسیقی میں مقبول ہیں۔

بھارتی فلم قربانی میں شامل نازیہ کے گانے ’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے‘ نے گلوکارہ کو عالمگیر شہرت دی جبکہ نازیہ اور زوہیب کے البم ’ڈسکو دیوانے‘ نے فروخت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

پھیپھڑوں کے سرطان کے مہلک مرض میں مبتلا نازیہ حسن 13 اگست 2000 کو دارِ فانی سے کوچ کرگئیں۔

تازہ ترین