• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملا برادر 20 سال بعد افغانستان واپس، شاندار استقبال، ملک میں معمولات زندگی بحال

کابل (اے ایف پی، جنگ نیوز) طالبان کے سیاسی ونگ کے سربراہ ، نائب امیر ملاعبدالغنی برادر افغانستان پہنچ گئے ہیں،طالبان کے شریک بانی اور امریکا سے مذاکرات کرنے والی ٹیم کے سربراہ ملا برادر 20برس بعد قندھار پہنچے ہیں جہاں میڈیا رپورٹ کے مطابق ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل میں اقتدار کے خلا کے باعث ملا برادر کو فوری طور اہم ذمہ داری دیے جانے کا امکان ہے،دوسری جانب کابل دوسرے روز بھی پرامن رہا ، افغان دارالحکومت میں معمولات زندگی بحال ہوگئے ہیں ، دکانیں اور کاروباری مراکز کھلنا شروع ہوگئے ، سڑکوں پر ٹریفک بھی رواں دواں نظر آئی۔

طالبان کے نائب امیر مولوی یعقوب نے اپنے ایک آڈیو پیغام میں طالبان کوحکم دیا ہے کہ وہ لوگوں کے گھروں میں داخل نہ ہونے اور بالخصوص کابل میں سفارتی گاڑیوں کا راستہ نہ روکیں،طالبان کی جانب سے تمام سرکاری ملازمین کو ڈیوٹیاں سنبھالنے کی ہدایت کردی گئی ۔ 

تفصیلات کے مطابق طالبان کے ترجمان محمد نعیم نے ٹوئٹر پر بتایا کہ دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا برادر قطر سے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ افغانستان پہنچ گئے ہیں۔

طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ طالبان کے قطر سیاسی دفتر میں موجود قیادت دوحہ سے ہنگامی طور پر قندھار پہنچی ہے جہاں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، ملا عبدالغنی برادر نے افغانستان روانگی سے قبل قطری وزیر خارجہ سے ملاقات کی جس میں افغانستان کی سیاسی اور سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

طالبان ذرائع بتاتے ہیں کہ فوری طور پر افغانستان کے حکومتی معاملات قندھار سے چلانے کا امکان ہے جبکہ طالبان کے اہم رہنماؤں کو کابل اور دیگر صوبوں سے قندھار پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ 

طالبان ذرائع کے مطابق قطر سے آنے والے وفد کا پہلے کابل ائیرپورٹ اترنے کا فیصلہ ہوا تھا لیکن کابل ائیرپورٹ پرامریکی فوج کی موجودگی پروفد کو قندھار اترنے کا کہا گیا۔ملا برادر ایک بڑے کانوائے کے ساتھ قندھار پہنچنے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر آتش بازی بھی کی گئی اور ہزاروں افراد جمع تھے۔

تازہ ترین