• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہ ہم محفوظ ہیں اور نہ آزاد: علیزے شاہ

پاکستان شوبز انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ علیزے شاہ نے مینارِ پاکستان واقعہ پر اپنا ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم خواتین نہ محفوظ ہیں اور نہ ہی ہم آزاد ہیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر جاری کی گئی اسٹوری میں علیزے شاہ نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’لاہور میں یہ سب کیا ہوا۔‘

علیزے شاہ نے کہا کہ ’مینارِ پاکستان واقعہ اس بات کی مثال اور ثبوت ہے کہ ہمارے ملک میں خواتین محفوظ نہیں۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ہم نہ تو اپنے گھروں میں محفوظ ہیں اور نہ ہی سڑکوں اور گلیوں میں محفوظ ہیں۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ ’نہ ہم محفوظ ہیں اور نہ ہی ہم آزاد ہیں۔‘

مینارِ پاکستان واقعہ ہے کیا؟

لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یومِ آزادی کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر سے دست درازی کا خوفناک واقعہ 3 روز بعد سوشل میڈیا کے ذریعے سامنے آیا۔

سیکڑوں نوجوانوں نے ٹک ٹاکر عائشہ اکرم اور اس کے ساتھیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے پھاڑ دیے جبکہ پولیس واقعہ سے بے خبر رہی۔

فوٹیجز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر پولیس نے 400 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کیخلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین