قائد مسلم لیگ نون اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی گلوکاری کے چرچے ہر جانب ہیں۔
نکاح کی تقریب میں اپنی گلوکاری سے ہر جانب چھا جانے والے جنید صفدر کی وائرل ویڈیو کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ جنید صفدر کا نام ٹوئٹر پر سرفہرست ٹرینڈز میں موجود ہے۔
اسی ٹرینڈ میں جنید صفدر کی 2019 میں نانا کیلئے صوفیانہ کلام پڑھتے ویڈیو بھی زیرگردش ہے۔
ویڈیو میں وہ میاں محمد بخش کی نظم اپنی سُریلی آواز میں پڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ میاں محمد بخش ایک پنجابی شاعر ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ 2019 میں جس قوالی نائٹ میں جنید صفدر نے صوفیانہ کلام پیش کیا تھا اس وقت ان کے نانا میاں نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں مقید تھے۔
جو کلام انہوں نے پڑھا اس کے بول کچھ یوں تھے۔
’کی ہویا جے قیدی بنے، صدا قیدی نئیں رہنا۔‘
اس کا مطلب ہے کہ کیا ہوا آج اگر قید میں ہیں تو، لیکن یہ قید ہمیشہ نہیں رہنی۔
واضح رہے کہ جنید صفدر نے اپنے نکاح کی تقریب میں محمد رفیع کے گانے ’کیا ہوا تیرا وعدہ ‘ کا ایک مختصر حصہ کمال خوبصورتی اور مہارت سے گایا جس سے حاضرین نے خوب لطف اٹھایا۔
یاد رہے کہ اتوار کو لندن کے مقامی ہوٹل میں جنید صفدر کے نکاح کی تقریب ہوئی جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار سمیت خاندان کے قریبی افراد شریک ہوئے۔