• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپیشل بچوں کی خدمت کرنا عبادت ہے،ڈپٹی کمشنر پشاور

پشاور(وقائع نگار)ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمودنے پجگی روڈ پر محکمہ سماجی بہبود کے ذہنی و جسمانی معذور بچوں کے بحالی سنٹر کا دورہ کرتے ہوئے سپیشل و معذور بچوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ضلعی آفیسر سماجی بہبود محمد یونس آفریدی نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو بحالی سنٹر کے مختلف حصوں کا دورہ کروایا اور سنٹر میں ذہنی و معذور بچوں اور بحالی سنٹر کے حوالے سے تفصیل سے بریفنگ دی۔ سنٹر میں معذور بچے ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے درمیان دیکھ کر ان سے گھل مل گئے اور خوشی کا اظہار کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے بچوں میں محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر ضلعی افیسرسماجی بہبود نے ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہی دی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے مکمل تعاون اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اس موقع خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان سپیشل بچوں کی خدمت کرنا عبادت ہے۔ اور یہ ایک عظیم کام ہے اور آج میں ان بچوں کے درمیان بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس سپیشل بچوں کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں اور اس کو سہولیات فراہم کریں اور اللہ ہمیں ہمت دے کہ ہم ان کی خدمت کر سکیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پشاور کے افسران بحالی سنٹر کا مسلسل دورہ کریں گے اور بحالی سنٹر کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔آخر میں ڈپٹی کمشنر پشاور نے بحالی سنٹر کے احاطے میں پودا بھی لگایا
تازہ ترین