پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ نور بخاری نے کہا ہے کہ اُنہیں بھارتی اداکار سدھارتھ شکلا کی موت اور شہناز گِل کے دُکھ پر بےحد افسوس ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر جاری کی گئی اسٹوری میں نور بخاری نے کہا کہ ’میں نے جب سے سدھارتھ کی موت کے بارے میں سُنا ہے تو میں بےحد اُداس ہوں کیونکہ گزشتہ 6 ماہ سے، میں سدھارتھ اور شہناز کو فالو کر رہی ہوں اور مجھے اُن کی محبت بھری کہانی بہت پسند آئی۔‘
نور بخاری نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ مجھے ان کے لیے افسوس کرنے کی اجازت ہے یا نہیں کیونکہ میرے پاس بہت سے لوگوں کے میسجز آرہے ہیں جن میں مجھ پر تنقید کی جارہی ہے۔‘
سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے شہناز گِل کے لیے بہت زیادہ دُکھ ہورہا ہے اور سدھارتھ کی والدہ کے لیے بھی۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’سدھارتھ شکلا ایک زبردست اداکار اور بہترین انسان تھے، انسانیت کے ناطے مجھے اُن کے لیے بہت افسوس ہورہا ہے۔‘
نور بخاری نے مزید لکھا کہ ’شہناز گِل اور سدھارتھ کی محبت کی کہانی دل دہلا دینے والی تھی۔‘
واضح رہے کہ دو روز قبل بھارت کے مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح سدھارتھ شُکلا 40 برس کی عمر میں اچانک دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ نے سونے سے پہلے کچھ دوائیاں لیں جس کے بعد وہ بیدار نہ ہوئے، خاندانی ذرائع نے اداکار کی موت کی وجہ ہارٹ اٹیک بتائی ہے۔
یاد رہے کہ رواں برس بھارتی میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا تھا کہ بگ باس کے سیزن 13 میں پہلی بار ملاقات کرنے والی جوڑی شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا نے گزشتہ سال دسمبر میں شادی کرلی ہے تاہم اُنہوں نے اپنی ازدواجی زندگی کو میڈیا سے چُھپا کر رکھا ہے تاکہ دونوں اداکار کیریئر پر توجہ دے سکیں۔
تاہم دونوں بھارتی اداکاروں کی جانب سے ابھی تک اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ شہناز گِل اور سدھارتھ شکلا کی پہلی ملاقات بگ باس کے سیزن 13 میں ہوئی تھی جہاں دونوں کی دوستی ہوئی اور پھر وہ دوستی محبت میں تبدیل ہوگئی۔
سدھارتھ شکلا نے بگ باس کے سیزن 13 کے فاتح ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ شہناز گِل فائنل سے پہلے ہی بگ باس کے گھر سے نکل گئی تھیں۔
شہناز گل کئی ہٹ میوزک ویڈیوز میں نظر آچکی ہیں۔ ان گانوں میں شہناز گل، سدھارتھ شکلا کے ساتھ نظر آئی ہیں۔ ان کی کیمسٹری سدھارتھ کے ساتھ بے حد پسند کی جاتی ہے۔
سدھارتھ شکلا اور شہناز گل ساتھ میں دو میوزک ویڈیو میں نظر آچکے ہیں۔ ایک درشن راول کا ’بھلا دوں گا‘ اور دوسرا ٹونی ککڑ کا ’شونا شون‘ دونوں ہی گانے ہٹ رہے ہیں۔