افغان طالبان نے افغانستان میں نئی حکومت کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم اور کابینہ کے ناموں کا اعلان کردیا۔
افغان دارالحکومت کابل میں نیوز کانفرنس کے دوران ذبیح اللّٰہ مجاہد نے کہا کہ محمد حسن اخوند افغانستان کے عبوری وزیراعظم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملا عبدالغنی برادر عبوری حکومت میں وزیراعظم محمد حسن اخوند کے نائب ہوں گے۔
طالبان ترجمان نے مزید کہا کہ طالبان کے بانی امیر ملا محمد عمر کے صاحبزادے اور ہمارے ملٹری آپریشن کے سربراہ ملا محمد یعقوب عبوری وزیردفاع مقرر کیے گئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغان حکومت میں سراج الدین حقانی کو وزارت داخلہ کی ذمے داری سونپی گئی ہے جبکہ وزارت خارجہ مولوی امیر خان متقی کے سپرد ہے۔
ذبیح اللّٰہ مجاہد نے یہ بھی کہا کہ ملا ہدایت اللّٰہ بدری وزیر خزانہ اور شیخ اللّٰہ منیر نئی افغان حکومت میں وزیر تعلیم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ خلیل الرحمان حقانی وزیر برائے مہاجرین ہوں گے جبکہ قاری فصیح الدین آرمی چیف ہوں گے۔
طالبان ترجمان نے مزید کہاکہ ملا خیر اللّٰہ خیرخواہ وزیر اطلاعات و ثقافت ہوں گے جب کہ ذبیح اللّٰہ مجاہد نائب وزیر اطلاعات و ثقافت ہوں گے۔
ملا عبدالحق وثیق کو انٹیلی جینس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ قاری فصیح الدین سیکیورٹی امور کے سربراہ ہوں گے۔
مولوی عبدالحکیم شرعی کو وزیر عدلیہ اور ملا یونس اخونزادہ کو وزیر دیہی ترقی مقرر کیا گیا ہے، شیخ محمد خالد امر بالمعروف و نہی عن المنکر کے وزیر ہوں گے۔
حاجی محمد عیسیٰ اخوند وزیر معدنیات و پیٹرولیم اور ملا عبداللطیف منصور کو وزارت پانی و بجلی مقرر کیا گیا ہے۔
حمید اللّٰہ اخونزادہ وزیر ہوابازی و ٹرانسپورٹ اورحاجی خلیل الرحمان حقانی مہاجرین کے وزیر ہوں گے۔
شیر محمد عباس ستانکزئی کو نائب وزیر خارجہ اور ملا فاضل اخوند کو نائب وزیر دفاع بنایا گیا ہے۔
افغان طالبان کے ترجمان نے یہ بھی کہاکہ افغانستان میں قومی حکومت کے قیام کےلیے مشاورت جاری ہے۔