• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کے بھاری بلوں کی پریشانی اب کچھ دن کی مہمان، شبلی فراز نے خوشخبری سنادی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وزیرسائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کم بجلی پر چلنے والے پنکھوں، پانی کی موٹر اور دیگر الیکٹرانکس آلات کی پاکستان میں تیاری کا عندیہ دیدیا ہے اور کہا ہے کہ ان آلات کے استعمال سے شہریوں کو 60فیصد تک بجلی کی بچت ہو گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کم خرچ والے بجلی کے پنکھے ،واٹر موٹرز و دیگر آلات تیار کرلئے ہیں، نئی ٹیکنالوجی سے بننے والے پنکھے و دیگر آلات میں بجلی کا استعمال 40 سے 60فیصد کم ہوجائیگا۔

ا س سے پہلے بجلی ضائع ہوتی تھی تاہم اب نئی ٹیکنالوجی سے بننے والی واٹر موٹر بہتر کارکردگی کیساتھ ساتھ بجلی بھی کم استعمال کریگی جس کے پیش نظر بجلی کے بلوں میں واضح کمی ہوگی،شبلی فرازنے کہا بچت شدہ بجلی کو انڈسٹری و دیگر شعبوں میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔

کم بجلی استعمال کرنیوالے آلات کی تیاری وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر کی گئی ہے جس کا مقصد ٹیکنالوجی سے عوام کو مستفید کرنا ہے۔

دریں اثناءشبلی فراز سے ناروے کے سفیر کیجل گنار ایرکسن نے ملاقات کی،ملاقات کا مقصد سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں دو طرفہ روابط کو مضبوط کرنا تھا، وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے دوستانہ تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔

ہم سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون اور مشترکہ منصوبوں میں وسعت کے خواہاں ہیں، سفیرنے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان باہمی ترقیاتی تعاون کو 50 سال کا عرصہ بیت چکا ہے۔

ناروے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کے دوبارہ قیام، پاکستان کے لوگوں کو فائدہ پہنچانے والی تجاویز اور پائیدار ترقیاتی پروگراموں میں وسعت کے خواہاں ہیں۔

وفاقی وزیر نےکہا کہ حکومت طویل عرصے تک لوگوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے پائیدار منصوبوں میں دلچسپی رکھتی ہے۔

ہماری وزارت ملک میں زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کرنے کیلئے سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں دوسرے ممالک کیساتھ تعاون بڑھانے کیلئے بہترین کردار ادا کریگی۔

تازہ ترین