امریکی ریاست ٹیکساس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے یومِ شہداء پر مختلف شہروں میں تعزیتی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل پر 26 نومبر کے سانحۂ اسلام آباد کے سوگ میں ٹیکساس کے مختلف شہروں میں منعقد کی گئی تعزیتی تقریبات میں پی ٹی آئی کے کارکنان و عہدیداران نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
ڈیلس میں مرکزی تعزیتی اجتماع پی ٹی آئی نارتھ امریکا ریجن کے کوآرڈینیٹر ندیم زمان کی قیادت میں منعقد ہوا، تقریب کا آغاز پی ٹی آئی ڈیلس کی کوآرڈینیٹر لبنیٰ خان نے کیا۔
اس تقریب میں 26 نومبر کو اسلام آباد میں شہید ہونے والے کارکنان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
ندیم زمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسلام آباد کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے لیے انصاف کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ان مظلوم کارکنان کو انصاف دلانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
لوزیانا سے پی ٹی آئی کے سابق کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ہانی نے تقریب سے خطاب کے پی ٹی آئی کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے مخلص کارکن آج یومِ شہداء کی اپیل پر لبیک کہتے ہوئے یہاں موجود ہیں۔
پی ٹی آئی ڈیلس کور کمیٹی کے رکن ڈاکٹر سرفراز خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کو ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جہاں آئین کی حکمرانی اور عوامی مرضی کا احترام ہو۔
نعمان خان نے اس تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو اجاگر کیا۔
ڈاکٹر عرفان نے بھی بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی حمایت اور پی ٹی آئی کی جدوجہد کو جاری رکھنے پر زور دیا۔
ڈاکٹر قاسم ممتاز نے کہا کہ آج کے مشکل وقت میں پی ٹی آئی ہی واحد سیاسی قوت ہے جو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہی ہے، ہمیں متحد رہنا ہو گا۔
دوسری جانب فورٹ ورتھ میں قاضی لطیف کی رہائش گاہ پر ایک الگ تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں قاضی لطیف، شعیب خان اور حافظ عمر فاروق نے خطاب کیا۔
مقررین نے اسلام آباد سانحے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لاپتہ کارکنان کو بازیاب کروایا جائے اور گرفتار افراد کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
مقررین نے کہا کہ جیسا کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کا مطالبہ ہے، سپریم کورٹ کے 3 سینئر ججز پر مشتمل ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے تاکہ سانحے کی تحقیقات کی جا سکیں۔
اُنہوں نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے حقائق سامنے لانے، گرفتار کارکنان کی فوری رہائی اور بے بنیاد مقدمات کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔