• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر شریف کو صرف امریکا کے ویزے کی ضرورت ہے، فیصل قریشی

شوبز انڈسٹری کے باصلاحیت اداکار فیصل قریشی نے عمر شریف کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ انہیں اس وقت صرف امریکا کے ویزے کی ضرورت ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ایک صارف نے فیصل قریشی کو ٹیگ کرتے ہوئے عمر شریف کی ناساز طبیعت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سارے اداکار کہاں ہیں، اگر فنکار برادری سے ہر اداکار ایک ایک لاکھ روپے بھی دیں تو کام بن جائے۔

اس ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ ’بھائی ماشاءاللّٰہ سے عمر بھائی وہ انسان ہیں جن کا ہاتھ ہمیشہ اوپر رہا ہے اور اللّٰہ نے ہمیشہ ان کی اس چیز میں مدد بھی کی ہے۔‘

فیصل قریشی نے واضح کیا کہ اس وقت عمر شریف کو اپنے علاج کیلئے صرف امریکا کا ویزہ چاہیے اور کسی بھی چیز کی ضرورت نہیں ہے۔

دوسری جانب کہا جا رہا ہے کہ کامیڈین عمر شریف کی حالت بدستور خراب ہے، ڈاکٹروں کے مطابق عمر شریف کے دل کا مرض بہت زیادہ بگڑ گیا ہے۔

عمر شریف کے بیٹے جواد کا کہنا ہے کہ والد کا علاج جاری ہے ، طبیعت میں بہتری نہیں آرہی۔

جواد کا کہنا تھا کہ امریکا نہ بھیجا گیا تو اوپن ہارٹ سرجری کی طرف جانا ہوگا، والد صاحب چند منٹ ہوش میں آنے پر بھی کسی کو نہیں پہچان رہے۔

تازہ ترین