وزیر جیل خانہ جات و ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اپوزیشن ایڑھی چوٹی کا زور لگالے پھر بھی ان کے کشکول میں کچھ نہیں آئے گا۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ غیرسیاسی اپوزیشن کشکول لیے عوامی حمایت کی بھیک مانگ رہی ہے، اپنے ادوار میں تو یہ لٹیروں کا ٹولہ کسی پروگریسو معاملے پر اکٹھا نہ ہوسکا۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ اپوزیشن حکومت کی ریفارمز پر عمل پیرا ہونے کے کام میں بھی روڑے اٹکا رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سنگل یکساں قومی نصاب، الیکٹرانک ووٹنگ مشین، پی ایم ڈی اے نئے پاکستان کی بنیاد بنیں گے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جانتی ہے نئے پاکستان میں طرز کہن پہ اڑنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
فیاض چوہان نے کہا کہ اپوزیشن نے ہمیشہ کمزور اداروں سے اپنی جیبیں بھریں، عوام کو بے سہارا چھوڑ دیا۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ پنجاب سے ایک بھی سیٹ نہ جیتنے والے آصف زرداری بھی بزدار حکومت پر تنقید کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گندم پر اپنے آقاؤں کو سبسڈی دینے والے شاہد خاقان حکومتی زرعی پالیسی پر بول رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوٹ مار ایسوسی ایشن حکومت پر تنقید سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکے۔
فیاض الحسن چوہان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اپوزیشن ایڑھی چوٹی کا زور لگالے پھر بھی ان کے کشکول میں کچھ نہیں آئے گا۔