• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جارج بش، بل کلنٹن اور اوباما امریکا میں افغان تارکین وطن کی مدد کریں گے

کراچی (نیوز ڈیسک) تین سابق امریکی صدور جارج ڈبلیو بش، بل کلنٹن اور باراک اوباما نے افغانستان سے امریکا آنے والے تارکین وطن کی امداد کیلئے قائم کئے گئے نئے گروپ کی حمایت کردی ہے، اس گروپ کا مقصد افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد امریکا پہنچنے والے تارکین وطن افغانوں کی مدد کرنا ہے۔ ویلکم ڈاٹ یو ایس کے نام سے قائم کئے گئے مشاورتی گروپوں کے اتحاد میں سابق امریکی صدور اور ان کے بیویاں بھی خدمات سرانجام دیں گی۔ ویلکم ڈاٹ یو ایس نے بتایا کہ وہ افغانستان سے فرار ہونے والے افغانوں کی مدد کریں گے، بائیڈن انتظامیہ افغانستان سے نکلنے والے شہریوں کو امریکا میں آباد کرنے کیلئے رضاکاروں کی مدد حاصل کرے گی۔ سابق امریکی صدر جارج ڈبلیو بش اور ان کی اہلیہ لارا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہزاروں افغان شہری دنیا کو محفوظ کرنے کیلئے ہمارے ساتھ صف اول میں کھڑے رہے اور اب انہیں ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ویلکم ڈاٹ یو ایس کی حمایت اور افغان خاندانوں کو نئی زندگی شروع کرنے کیلئے مدد پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ بل کلنٹن اور ان کی اہلیہ کے نمائندوں، سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن، باراک اوباما، ان کی اہلیہ مشیل نے مذکورہ معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ ویلکم ڈاٹ یو ایس نامی کونسل کی حمایت اب تک 280 سے زائد بڑی شخصیات اور بڑے کاروباری ادارے کرچکے ہیں جن میں مائیکروسافٹ کارپوریشن، اسٹار بکس کارپوریشن، سی وی ایس ہیلتھ کارپوریشن وغیرہ شامل ہیں۔

تازہ ترین