بھارتی شہر بنگلورو میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے قتل کا دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولین میں 55 سالہ سوم سندر (والد)، 48 سالہ متھولا کشمی (ماں) اور 20 سالہ پریا (بیٹی) شامل ہے۔
پولیس کی جانب سے کی گئی ابتدائی تحقیقات کے مطابق قتل میں خاندان کی بڑی بیٹی شویتا اور اس کے ساتھی کینتھ کے ملوث ہونے کا شبہ ہے جو اس وقت فرار ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں کے درمیان قریبی تعلق تھا جس کی والدین نے مخالفت کی تھی اور یہی تنازع ممکنہ طور پر قتل کا سبب بنا۔
مزید تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ شویتا پر تقریباً 30 لاکھ روپے کا قرض تھا جس پر گھر والوں کی جانب سے بار بار سوالات کیے جا رہے تھے اور گھر میں کشیدگی دن بدن بڑھتی جا رہی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمان گزشتہ روز اس وقت گھر میں داخل ہوئے جب متھولا کشمی گھر میں اکیلی تھی، اس دوران تلخ کلامی کے بعد متھولا پر تیز دھار آلے سے حملہ کر کے قتل کر دیا گیا، بعد ازاں خون کے نشانات دھو دیے گئے۔
کچھ دیر بعد جب سپریا اور سوم سندر گھر واپس آئے تو پہلے سپریا کو قابو کر کے قتل کیا گیا اور بعد ازاں سوم سندر پر بھی حملہ کیا گیا، اس دوران وہ شدید زخمی حالت میں گھر سے باہر نکل کر مدد کے لیے بھاگے اور گلی میں دم توڑ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں، دونوں مرکزی ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔