حسن نثار(12ستمبر2021)’’اسلامی تشخص‘‘ کی تعریف وتلاش
جناب ہمارے ہاں سچ اور جھوٹ کا ترازو اسلام کی اپنی اپنی سمجھ بوجھ پرتعمیرہے۔اسلام کے تمام سنہری اصول محض قرآن پاک اور اسلامیات کی کتابوں تک محدودہیں۔ ان پر عمل ہر کوئی اپنی استطاعت کے مطابق کرتا ہے۔ (سبحان، سمندری)
سلیم صافی(15ستمبر2021)میڈیا اور عمران خان
صافی صاحب یہ سب جھوٹ پر مبنی اورحقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے اسٹیبلشمنٹ کا نواز شریف کے ساتھ کوئی بغض نہیںتھابلکہ انہیں مجارٹی کےساتھ الیکشن دیا گیا تھا۔ جب اچانک پانامہ لیکس کا معاملہ بین الاقوامی سطح پرآیا تو ن لیگ بوکھلا گئی تھی۔(طاہر سعد)
انصار عباسی(13ستمبر2021) اسلام قبول کرنے کو جرم بنانے کا بل
عباسی صاحب قرآن واضح طور پر کہتا ہےکہ انسانوں کو یہ حق حاصل ہےکہ وہ جس مذہب یا نظریے کو پسند کریں اسے منتخب کریں۔آپ کانظریہ بالکل درست ہے کہ اسلام کو قانونی طور پرقبول کرنا مشکل کردیاگیاہے۔مگر اس سے کتنے معصوم لوگ جن کو زبردستی اسلام قبول کروایا جاتا ہے بچ سکیں گے۔(احمد شفع،گوجرا)
مظہربرلاس(14ستمبر2021)عورتوں کےحقوق کے ٹھیکیدار
جناب اس معاملے میں سب سے بڑا ٹھیکیدارامریکہ نظرآرہا ہے۔جو فی الحال بھی پاکستان کو طالبان کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی شرائط دے رہا ہے اور یہاں کے دیسی لبرلز کشمیر، فلسطین، شام، عراق، لبیا اور یمن کی عورتیں اور بچوں کو بھولے بیٹھے ہیں۔ (اسد خان، سکھر)
یاسر پیرزادہ(12ستمبر2021) انشورنس کمپنیوں کے فراڈ سے ذرا بچ کے
پیرزادہ صاحب بدقسمتی سے پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والی کمپنیز جب اپنا وجود برقرار نہ رکھ پائیں تو تھرڈ پارٹی سے بزنس حاصل کرتی ہیں۔ ان کمپنیوں کے احتساب کی ضرورت ہے جو کہ معصوم عوام کی جمع پونجی غصب کرتی ہیں۔ (عدنان کاظمی، اسلام آباد)
امتیاز عالم (12ستمبر2021)20برس کی جنگ کےبعد چین سےمحاذ آرائی!
امتیاز صاحب امریکہ نے نائن الیون کے بعد دنیا کے ساتھ تعاون کے مواقع کو نظرانداز کیا جس سےامریکہ کی طاقت اور بین الاقوامی ساکھ کو گزشتہ 20 برس سے نقصان ہو رہا ہے۔یہ ایک مکمل ناکامی کا مظہرہےکہ امن واستحکام کے جھنڈے تلےایک جنگ مزید جنگوں کو جنم دےرہی ہے۔(ایمن، لاہور)