• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلمان لڑکے اور لڑکیوں کو شادی کورس پڑھایا جائے گا، مسعود ہزاروی

لوٹن (نمائندہ جنگ) الحرا ایجوکیشنل اینڈ کلچرل سنٹر و جامع مسجد کے ڈائریکٹر پروفیسر مسعود اختر ہزاروی نے کہا ہے کہ برطانیہ میں پروان چڑھنے والی نوجوان نسل کی دینی اور اخلاقی بنیادوں پر تربیت آج مسلم کمیونٹی کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں بچوں کو مساجد اور مدارس میں اعلیٰ معیار کی دینی تعلیم فراہم کرنا جملہ ذمہ داران کی اہم ذمہ داری ہے۔ الحرا ایجوکیشنل سنٹر میں ہماری بھرپور کوشش ہے کہ بچوں کو بہتر سے بہتر ماحول میسر ہو اور وہ دلجمعی اور لگن سے تجوید کے ساتھ قرآن پاک اور ضروریات دین کی تعیلم حاصل کر سکیں تاکہ اچھے انسان، قابل فخر مسلمان اور معاشرے کا باوقار فرد بن سکیں۔ وہ کالا گوجرہ جہلم کے ایک روحانی خانوادہ سے تعلق رکھنے والی لوٹن میں مقیم شخصیت سید رضی حسن گیلانی سے بات چیت کر رہے تھے، سید رضی حسن گیلانی نے پروفیسر مسعود اختر ہزاروی کی والدہ ماجدہ کی رحلت پر فاتحہ خوانی کی اور مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور پروفیسر مسعود اختر ہزاروی سے الحرا کے کمیونٹی پراجیکٹس کی تفصیلات بھی معلوم کیں، پروفیسر مسعود اختر ہزاروی نے بتایا کہ وہ بچوں اور خصوصاً نوجوان نسل کی اخلاقی تربیت کے لیے متعدد سرگرمیاں شروع کیے ہوئے ہیں، ایک اہم ایشو یہ بھی ہے کہ آج کی نوجوان نسل کی قابل ذکر تعداد خانگی ذمہ داریوں کو اسلامی تعلیمات اور وقت، حالات اور ماحول کے مطابق پورا کرنے سے قاصر نظر آتی ہے، جس کی وجہ دینی تعلیمات سے ناواقفیت اور اخلاقی تربیت کا فقدان ہے، اس مسئلے کی نوعیت اور اہمیت کو سمجھتے ہوئے الحرا میں ایک دو ہفتے کا خصوصی کورس انگریزی زبان میں کرانے کا اہتمام کیا جارہا ہے، جس کو مکمل کرنے والوں کو سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ وہ ایک پروگرام میں کمیونٹی بچوں کی منشیات اور چاقو سے متعلق جرائم اور ان سے پیدا شدہ صورتحال پر بھی بحث مباحثہ کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ سید رضی حسن گیلانی نے الحرا کے مختلف منصوبوں کو سراہا۔
تازہ ترین