• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبہ کا پی سی ون منظور

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) راولپنڈی کچہری چوک انڈر پاس توسیع و ری ماڈلنگ منصوبہ کا 3840 ملین کے پی سی ون ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی پنجاب نے منظوری دیتے ہوئے پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی سے منظوری کے لئے پی سی ون پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے مصروف ترین کچہری چوک کو پنجاب بجٹ سے رواں مالی سال کے ترقیاتی پلان میں شامل کیا گیا ہے۔ کچہری چوک جی ٹی روڈ سے شہر اور کینٹ کی طرف داخلی مقام اور براستہ عمار چوک اسلام آباد ایکسپریس وے پر جانے والی ٹریفک کا مصروف ترین جنکشن بھی ہے۔ عمار شہید چوک کی ری ماڈلنگ کے منصوبہ پر تیزی سے کام جاری ہے جو دسمبر2021 تک مکمل کر کے ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ کچہری چوک محکمہ انکم ٹیکس، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی اور ضلعی انتظامیہ کے قریب ترین واقع اور ٹریفک کے حوالے سے شہر کا مصروف ترین چوک ہے جہاں سے روزانہ لاکھوں گاڑیوں کا گزر ہوتا ہے جس کے باعث ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کے پیش نظر اس چوک کو سگنل فری بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہر و کینٹ سے آنے اور جانے والی ٹریفک کو بغیر کسی رکاوٹ کے گزرے میں آسانی ہو۔ عمار شہید چوک میں دسمبر تک کام مکمل کئے جانے اور کچہری چوک منصوبہ کے آغاز کے ساتھ ڈیفنس چوک ری ماڈلنگ منصوبہ پر آئندہ مالی سال میں پی اینڈ ڈی میں پروفیشنل ڈویلپمنٹ کمیٹی سے منظوری کے بعد فوری طور پر کام شروع کر دیا جائے گا۔ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی ذرائع کے مطابق کچہری چوک انڈر پاس منصوبہ ٹریفک کے حوالے سے سب سے بڑے جنکشن میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کے دبائو کو ختم کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
تازہ ترین