پاکستان کی سینئر اداکارہ اور مقبول فنکارہ اسماء عباس اپنے دوستوں اور مداحوں کو خبردار کر دیا ہے کہ میرا واٹس ایپ ہیک ہوگیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اسماء عباس کا مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کو آگاہ کیا ہے کہ میرا واٹس ایپ ہیک ہوگیا ہے اور میرے نمبر سے بہت سے لوگوں کو پیسوں کے لیے پیغامات ارسال کیے جا رہے ہیں۔
مذکورہ ویڈیو میں ایک اسکرین شاٹ بھی دکھائی دے رہا ہے، جس کے مطابق اسماء عباس اپنے کسی جاننے والے سے 10 لاکھ بطور قرض کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
اسماء عباس نے اپنے تمام جاننے والوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے نمبر سے اس طرح کے پیغامات میرے جاننے والوں کو کیے جا رہے ہیں، یہ بہت عام ہوگیا ہے۔ براہ مہربانی ایسا نہیں سوچیے، اس وجہ سے میرے پیاروں کو بہت تکلیف ہو رہی ہے جس پر میں معذرت خواہ ہوں۔ ہمارے ملک میں یہ سلسلہ عام ہوگیا ہے، اس پر مجھے بہت افسوس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے قبل مجھے فون آیا کہ آپ کا پارسل آیا ہوا ہے، اپنا پتہ بتا دیں۔ اس پر ظاہر ہے مجھے اپنا پتہ تو بتانا ہی تھا، میں نے پتہ بتایا تو کہا گیا کہ اب ایک کوڈ آئے گا تو میں نے وہ کوڈ بھی بتا دیا جس کے بعد میرا واٹس ایپ بند ہوگیا۔
سینئر اداکارہ نے ایک بار پھر اپنی خیریت دیتے ہوئے واضح کیا کہ مجھے پیسوں کی ضرورت نہیں، میں بالکل خیریت سے ہوں۔ میری وجہ سے آپ کو تکلیف ہوئی اس کے لیے مجھے معاف کیجئے گا۔