• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرٹس کونسل میں مقبول صابری کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے قوالی نائٹ کا اہتمام

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے معروف قوال مقبول صابری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جہاں ایک تقریب میں مقبول صابری کے صاحبزادے شمائل صابری نے خصوصی پرفارمنس دی۔ 

آرٹس کونسل کراچی کی جانب سے پاکستان کے معروف قوال مقبول صابری کی دسویں برسی کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔

قوالی نائٹ میں مقبول صابری کے صاحبزادے شمائل صابری نے اپنی خصوصی پرفارمنس سے والد کی قوالیاں گاکر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پروگرام میں مقبول صابری اور غلام فرید صابری دونوں قوالوں کے اہلِ خانہ موجود تھے۔

اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبول صابری بڑے انسان تھے، وہ کلاسیکل موسیقی کے بہترین فنکار تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبول صابری اور غلام فرید صابری دونوں بھائیوں نے فنِ قوالی کو جو شہرت بخشی دنیا میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شمائل صابری اپنے اجداد کے فن کو لے کر آگے چل رہا ہے، دعا ہے کہ اللّٰہ شمائل صابری کو اپنے باپ دادا کے نقشِ قدم پر چلنے والا بنائے اور اسے بھی وہی شہرت نصیب ہو جو انہیں نصیب ہوئی۔

محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ آرٹس کونسل کراچی کی سپورٹ ہمیشہ آپ کے ساتھ ہے، ہمیں یہ دیکھ کر بہت اچھا لگ رہا ہے کہ دونوں بھائیوں کی اولادیں ایک ساتھ ہیں۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شمائل صابری نے کہا کہ آرٹس کونسل کا بےحد مشکور ہوں۔ میں کوشش کر رہا ہوں کہ اپنے خاندان کا نام آگے لے کر چلوں۔

شمائل صابری نے مقبول صابری کی مشہورِ زمانہ قوالیاں پیش کیں جسے سن کر حاضرینِ محفل جھوم اُٹھے۔

اس قوالی نائٹ میں شہریوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تازہ ترین