مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدترین مہنگائی میں کمی نمائشی اجلاس بلانے سے نہیں ہوگی، مہنگائی میں کمی صرف ٹھوس اقدامات سے ہی ممکن ہے۔
اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں چینی 52 روپے فی کلو کے حساب سے ملتی تھی جبکہ اس حکومت نے چینی کی قیمت میں 52 روپے سے زائد اضافہ کیا، یہ ہے نیا پاکستان۔
شہباز شریف نے کہا کہ 35 روپے فی کلو ملنے والے آٹے کی قیمت 75 روپے سے زیادہ ہے، انڈے، گوشت، مرغی، دال اور گھی کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ بدترین مہنگائی کی ذمہ دار موجودہ نااہل حکومت اور اس کی چوریاں ہیں، مسلسل غلط معاشی اقدامات نے معاشی تباہی، بے روزگاری اور مہنگائی کو جنم دیا ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پوری قوم ظالم حکومت کے ظلم سے نجات کی دعائیں مانگ رہی ہے۔