• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سفید مرچ کے استعمال کے صحت پر اثرات

کالی مرچ جیسا ہی ترش ذائقہ رکھنے والی چھوٹے دانوں پر مشتمل سفید مرچ تقریباََ ہر گھر کے باورچی خانے میں پائی جاتی ہے، سفید مرچ کو زیادہ تر ’وائٹ پیپر‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، اس کا ایک مخصوص ذائقہ سب ہی کو بھاتا ہے جبکہ اس کے استعمال سے کھانوں میں منفرد ذائقہ اور صحت پر متعدد مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق ہاضمے سے متعلق مختلف شکایتوں، دانتوں، مسوڑوں کے مسائل، وزن میں کمی، سر درد، نزلہ، زکام، بخار اور کھانسی جیسی تکالیف میں سفید مرچ مددگار ثابت ہوتی ہے، سفید مرچ کو صحت کا خزانہ قرار دیا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

غذائی ماہرین کا کالی اور سفید مرچ کا موازنہ کرتے ہوئے بتانا ہے کہ کالی مرچ اور سفید مرچ دونوں ہی صحت کے لیے بہتر ہیں لیکن سفید مرچ میں کچھ ایسی خصوصیات موجود ہیں جو اسے کالی مرچ سے زیادہ بہتر بناتی ہیں۔

غذائی ماہرین کی جانب سے بتائے گئے سفید مرچ کے صحت پر حاصل ہونے والے فوائد اور خصوصیات مندرجہ ذیل ہیں :

غذائی ماہرین کے مطابق سفید مرچ میں کیپسائسن جز پایا جاتا ہے جو جسم کی چربی ختم کرنے میں مدد دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر وزن میں کمی کی دوائیں ایک فعال جز کے طور پر کیپساسین کی مقدار بھی رکھتی ہیں۔

سفید مرچ کا استعمال آنکھوں کی بینائی کو بہتر بناتا ہے،  بینائی تیز کرنے کے لیے سفید مرچ کا پاؤڈر، بادام پاؤڈر، سونف پاؤڈر اور چینی کا مکسچر بنا کر روزانہ کھانے سے آنکھوں کی روشنی میں اضافہ ہوتا ہے۔

گرم مسالے میں شمار کی جانے والی سفید مرچ کی تاثیر بھی گرم ہے، اس کے استعمال سے جسم میں پیدا ہونے والی حرارت ناک سے جڑے سانس لینے والے نظام کو صاف اور متحرک بناتی ہے، سفید مرچ شہد کے ساتھ ملا کر استعمال کرنے کے نتیجے میں یہ اینٹی بائیوٹک کے طور پر کام کرتی ہے اور ناک کی نالیوں کے انفیکشن کا مقابلہ کرتی ہے، اس کے استعمال سے نزلہ زکام اور کھانسی سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

وائرل انفیکشن یا سردیوں کے موسم میں سفید مرچ کا استعمال سوپ اور سلاد میں مفید ثابت ہوتا ہے۔

سفید مرچ فلاوونائڈز، وٹامن سی اور اے سے مالا مال ہے، یہ بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

ہائی بلڈ پریشر والے افراد کو اپنی روزمرہ کی خوراک میں سفید مرچ شامل کرنی چاہیے، اس کے علاوہ سفید مرچ قلب کی صحت کے لیے بھی بہت مفید ہے۔

سفید مرچ میگنیشیم، کاپر اور مینگنیز جیسے معدنیات کا بھی بھرپور ذریعہ ہے، جو ہڈیوں کی طاقت کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

سفید مرچ خاص کر اُن افراد کے لیے بہت مفید ہے جن کی ہڈیاں عمر کے ساتھ کمزور ہوجاتی ہیں۔

سفید مرچ میں کچھ کارمینیٹیو (Carminative) خصوصیات موجود ہیں جس کی وجہ سے یہ آنتوں میں گیس کی تشکیل کو روکتی ہے،  یہ ہمارے نظام ہاضمہ کو بہتر بناتی ہے اور آنتوں کو صاف کرتی ہے۔

پسی ہوئی سفید مرچ ایک بہترین اسکرب کا کام کرتی ہے اور مردہ جِلد کو دور کرنے میں مدد دیتی ہے، بالوں کی بہترین افزائش کے لیے سفید مرچ کے پاؤڈر کا کسی بھی ہیئر ماسک میں استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس سے بالوں کی جڑوں میں مساج بھی کیا سکتا ہے۔

اس میں فلاوونائڈز، وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو خون کی گردش کو بہتر بناتے ہیں جس کے سبب جِلد جوان اور تر و تازہ نظر آتی ہے۔

تازہ ترین