• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان سے لین دین کی اجازت، افغانستان میں انسانی بحران کا خدشہ، واشنگٹن مزید امداد کیلئے 2 لائسنس جاری کرے گا، امریکی محکمہ خزانہ



واشنگٹن، کابل،لنڈی کوتل(خبرایجنسیاں، جنگ نیوز،نمائندہ جنگ)افغانستان میں انسانی بحران کا خدشہ،امریکا نے طالبان سے لین دین کی اجازت دیدی،واشنگٹن مزید امداد کیلئے دو لائسنس جاری کریگا، این جی اوز اور اقوام متحدہ سمیت مزید مخصوص عالمی تنظیمیں طالبان، حقانی نیٹ ورک کے ساتھ خوراک، ادویات اور طبی آلات کا کاروبار کرسکتی ہیں۔

ادھر افغان وزارت داخلہ نے کروڑوں ڈالرز مالیت کے ناکارہ امریکی فوجی سازو سامان کے اسکریپ کی بیرون ملک منتقلی پر پابندی لگادی، اسمگلنگ میں ملوث افراد کو عدالتوں میں پیش کرنیکا حکم بھی دیدیا،یہاں پاکستان نے سیب کے سوا پھلوں کی درآمد پر سیلز ٹیکس ختم کردیا۔

دوسری جانب افغان ایئر لائنز کی پروازیں بھی اسلام آباد آسکیں گی، نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا افغانستان میں امداد کے بہاؤ کی مزید راہ ہموار کرنے کے لیے دو لائسنس جاری کر رہا ہے کیونکہ امریکا کو خدشہ ہے کہ اس کی طالبان پر عائد پابندیاں افغانستان میں انسانی بحران کو بڑھا سکتی ہیں۔

امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ایک لائسنس امریکی حکومت، این جی اوز اور اقوام متحدہ سمیت مخصوص عالمی تنظیموں کو طالبان یا حقانی نیٹ ورک کے ساتھ لین دین میں ملوث ہونے کی اجازت دیتا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق دوسرا لائسنس عالمی تنظیموں کو طالبان حکومت کے ساتھ خوراک، ادویات اور طبی آلات کی برآمد سے متعلق کچھ لین دین کی اجازت دیتا ہے۔

ادھر افغانستان کی وزارت داخلہ نے اسکریپ کی بیرون ملک منتقلی پر پابندی لگادی،امریکی فوج افغانستان سے انخلا کے دوران کروڑوں ڈالرز مالیت کا فوجی سازو سامان چھوڑ کر گئی ہے اور کئی فوجی گاڑیاں اور دیگر سامان ناکارہ بنایا ہے جن پر اسکریپ کا کام کرنے والوں کی نظریں لگی ہوئی ہیںتاہم اب افغان حکومت نے اسکریپ کی منتقلی پر پابندی عائد کردی ہے۔

افغان وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزرات داخلہ نے مرکزی اور صوبائی پولیس سربراہان کو ہدایت جاری ہے جس کے مطابق اسکریپ کی اسمگلنگ کی سختی سے روک تھام کی جائے۔

وزارت کا کہنا ہے کہ اسکریپ کی اسمگلنگ کی روک تھام سے ملک میں کاروبار اور تجارت کو فروغ ملے گا لہٰذا اس حوالے سے سخت کارروائی کی جائے۔وزرات داخلہ نے صوبائی پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ اسمگلنگ میں ملوث افراد کو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔

یہاں چیئر مین ایف بی آر اشفاق احمد نے کہا ہے کہ افغانستان سے آنے والے پھل سبزی پر سیلز ٹیکس ختم کردیا گیا جس کے بعد گزشتہ روز سے افغانستان سے بڑی تعداد میں فروٹ اور سبزیوں سے بھری سیکڑوں گاڑیاں طورخم بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئیں ،انہوں نے ان خیا لات کا اظہارطورخم کسٹم کمپاؤنڈ اور زیروپوائنٹ کے دورہ کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

چیئرمین ایف بی آر اشفاق احمد کو طورخم بارڈر زیروپوائنٹ پر تجارتی سرگرمیوں اور موجودہ صورتحال پر سیکورٹی فورسز اور کسٹم حکام نے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امارات اسلامی حکومت کے مستحکم ہونے کے بعد دو طرفہ تجارت میں مزید اضافہ ہو گا اور تجارتی سرگرمیاں مزید بہتر ہوں گی۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن نے افغان ایئرلائن کواسلام آبادایئرپورٹ سےآپریشن کی اجازت دے دی ، کام ایئر ہفتے میں 3پروازیں اسلام آباد سے افغانستان کیلئے آپریٹ کریں گی جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا۔

تازہ ترین